ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ شہر میں ڈرائی فروٹ کی دکانیں تو سج گئی ہیں تاہم قیمتوں میں 100 فیصد اضافے کے باعث شہری صرف ان موسمی میوہ جات کو دیکھنے تک ہی محدود رہ گئے ہیں۔
موسم سرما شروع ہوتے ہی خشک میوہ جات بیچنے والوں نے بھی شہر کی مختلف جگہوں پر عارضی دکانیں سجا لی ہیں یہی وجہ ہے کہ شہری سردیوں کی سوغات کو خریدنے کے لئے بازاروں کا رخ تو کر رہے ہیں لیکن مارکیٹ میں چلغوزہ 6400 روپے فی کلو، بادام 980، کاجو 1920، پستہ 2000، اخروٹ 720 جبکہ مونگ پھلی 300 روپے فی کلو فروخت ہونے سے خریدار بھی مایوس ہیں۔
خشک میوہ جات کے آسمان سے باتیں کرتے نرخوں سے شہریوں کے ساتھ ساتھ دکاندار بھی کم سیل ہونے پر پریشان ہیں تاہم ان کا کہنا ہے ہے میوہ جات کی قیمتوں میں اضافہ خودساختہ نہیں بلکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کا نتیجہ ہے۔
موسم کی سختی سے بچنے کے لیے خشک میوہ جات کا استعمال انتہائی ضروری ہے لیکن قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے غریب عوام کو صرف مونگ پھلی اور ریوڑیوں تک ہی محدود کردیا ہے