ڈالر کی ایڈوانس ادائیگی پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے، گورنر سٹیٹ بینک

Last Updated On 12 November,2019 08:40 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ ڈالر کی ایڈوانس ادائیگی پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک گورنر رضا باقر کا کہنا ہے کہ امپورٹرز 10 ہزار ڈالر تک بینکوں سے ایڈوانس ادائیگی کرا سکتے ہیں۔

معیشت کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا تھا کہ جولائی 2018ء سےعائد ایڈوانس پیمنٹ پر پابندی اب ختم کر دی گئی ہے، اس کے علاوہ بیرون ملک سے خدمات حاصل کرنے کا عمل بھی آسان کیا گیا ہے۔

ملکی زرمبادلہ ذخائر میں حالیہ 44 کروڑ ڈالر کے اضافے پر ان کا کہنا تھا کہ زرمبادلہ ذخائر کسی شخص کی وجہ سے نہیں بڑھے، لوگوں کا ملکی کرنسی پر اعتماد بحال ہو رہا ہے، اسی طرح اب غیر ملکی سرمایا کاری میں بھی اضافے کی امید ہے۔

رضا باقر نے اتفاق کیا کہ زائد شرح سود سے سرمایہ کاروں کو مشکلات ہیں لیکن اب کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے اقدامات تیز کیے جا رہے ہیں۔
 

Advertisement