اتوار بازار، ٹماٹر 120 روپے کلو پر پہنچ گئے، دیگر سبزیاں بھی مہنگی

Last Updated On 12 January,2020 06:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اتوار بازار میں بھی مہنگائی کا راج، ریلیف دینے والی قیمتوں کے باوجود سبزیاں عوام کی قوت خرید سے باہر نظر آتی ہیں، سستے اتوار بازاروں میں بھی ٹماٹر ایک سو بیس روپے کلو پر پہنچ گئے، دیگر سبزیاں بھی مہنگائی کا حصہ بننے لگیں۔

لاہور میں اتوار بازار تو لگ گئے تاہم شہریوں کو ریلیف کا انتظار ہے۔ اتوار بازاروں میں ریلیف صرف اتنا کہ عام مارکیٹ کے مقابلے میں اشیاء کی قیمت کم، حکومت کے مقرر کردہ ریٹ پر اشیاء دستیاب تو ہیں لیکن سستی قیمت بھی ایسی کہ عوام کی قوت خرید سے باہر ہے۔

ٹماٹر کا نرخ اتوار بازار میں 120 روپے کلو، سبز اور قدرے کچا ٹماٹر 110 روپے کلو میں فروخت ہوتا رہا۔ پیاز کی قیمت 50 روپے فی کلو مقرر کی گئی۔
آلو کی قیمت 35 روپے کلو رہی ۔ لہسن چائنہ 270 اور ادرک 330روپے کلو تک جا پہنچا اور مٹر 150روپے کلو پر فروخت ہوئے۔

شہریوں نے مہنگائی کا شکوہ کیا اور کہا کہ اتوار بازار سے ریلیف بس یہی ہے کہ سرکاری نرخ پر اشیا ءدستیاب ہیں۔ باقی سب کچھ جیب پر بھاری ہی ہے۔ اتوار بازار میں سب سے سستی پالک فارمی 30 اور پالک دیسی 38 روپے کلو رہی جبکہ ساگ 34 روپے کلو بیچا گیا۔
 

Advertisement