کرونا وائرس، اقوام متحدہ کا غریب ممالک میں 10 کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عندیہ

Last Updated On 01 April,2020 02:10 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) کرونا وائرس کے عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات کو کم کرنے کے لیے اقوام متحدہ نے 4 نکاتی منصوبہ تیار کر لیا ہے جس کے تحت غریب ممالک میں 10 کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائیگی۔

عالمی سطح پر لاک ڈاون کے باعث دنیا بھر کے ممالک کو شدید معاشی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ اسی پریشانی کو دیکھتے ہوئے اقوام متحدہ نے 4 نکاتی منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں کمزور معیشتوں میں 10 کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائیگی اور یہ رقم عالمی مالیاتی فنڈز سے دی جائیگی۔

دوسرے مرحلے میں کمزور معیشتوں کے قرضوں کو منجمد کردیا جائیگا اور ساتھ ہی قرضوں کی ادائیگی کےلیے ریلیف دیا جائیگا۔ تیسرے مرحلے میں غریب ممالک کے صحت وسماجی پروگرامز میں 500 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائیگی جبکہ چوتھے مرحلے میں ترقی پزیر ممالک سے سرمائے کے اخراج کوکم کرنے کے اقدامات لیے جائینگے۔ جس سے ان ممالک کی کرنسی کی قدر کو گرنے اور اثاثوں کی قیمتوں میں کمی کو روکنے میں مدد ملے گی۔
 

Advertisement