سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی واپسی، 100 انڈیکس 353 پوائنٹس بڑھ گیا

Last Updated On 19 May,2020 04:32 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران تیزی کی واپسی ہوئی، 100 انڈیکس 353 پوائنٹس بڑھ گیا۔ تیزی کے باعث 34 ہزار کی نفسیاتی حد ایک مرتبہ پھر بحال ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں شیئرز کے خریداروں کا پلڑا بھاری رہا ،، دوران ٹریڈنگ مارکیٹ تقریباً 500 پوائنٹس بھی بڑھی مگر اختتام پر سرمایہ کاروں نے حصص کی فروخت سے منافع بھی کمایا۔

اس طرح مجموعی طور پر مارکیٹ 353 پوائنٹس کے اضافے سے 100 انڈیکس 34 ہزار 158 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی۔

حصص مارکیٹ میں تیزی کے باعث پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.05 فیصد بہتری دیکھی گئی اور 16 کروڑ 88 لاکھ 25 ہزار 400 شیئرز کا لین دین ہوا، جبکہ سرمایہ کاروں کو 50 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔

واضح رہے کہ کاروباری ہفتے کے پہلے روز سٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا تھا، دورانِ ٹریڈنگ 100 انڈیکس 300 پوائنٹس بھی بڑھ گیا مگر اختتام پر سرمایہ کاروں نے شیئرز فروخت کرکے منافع کمانے کو ترجیح دی، جس کے باعث مارکیٹ 203 پوائنٹس کمی کے بعد 100 انڈیکس 33 ہزار 804 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
 

Advertisement