کورونا نے کہیں کا نہیں چھوڑا، تاجروں کی ریلیف کیلئے بجٹ پر نظریں جم گئیں

Last Updated On 12 June,2020 01:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائے گا، تاجروں کا کہنا ہے کہ کورونا وباء نے کہیں کا نہیں چھوڑا، غیر معمولی ریلیف نہ دیاگیا تو نقصانات کا ازالہ ممکن نہیں ہو گا۔

کورونا کی وباء سے جہاں چھوٹے بڑے کاروبار متاثر ہوئے ہیں، تاجر پریشان ہیں نیا بجٹ کیسا ہو گا، حکومت کوئی ریلیف دے گی یا نہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی کئی ماہ سے کاروبار بند ہے جس کے نقصان کا ازالہ سال بعد بھی نہیں ہوگا۔ ایسے میں اگر بجٹ میں انہیں بڑا ریلیف نہ دیا گیا تو لاکھوں افراد کا روزگار بھی متاثر ہو گا۔

کاروباری طبقے کے مطابق ملک کو اس وقت سنگین معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے میں ٹیکسوں کا مزید بوجھ ڈالا گیا تو اس کے اثرات تباہ کن ہوں گے۔

تاجروں نے واضح کیا کہ کاروبار کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں تو کوئی بھی تاجر ٹیکس دینے میں پیچھے نہیں رہے گا۔ کورونا وباء نے تاجر برداری کی بھی کمر توڑ دی، تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر بجٹ میں مزید ٹیکس عائد کیے گئے تو ان کے کاروبار کو تالے پڑ جائیں گے۔
 

Advertisement