سٹاک مارکیٹ: 613.54 پوائنٹس کی زبردست تیزی، 38 ہزار کی نفسیاتی حد بحال

Last Updated On 27 July,2020 04:23 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 613.54 پوائنٹس بڑھ گیا جس کے بعد 38 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصہ سے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے کو ملا رہی ہے تاہم اس دوران صرف دو روز کی مندی نے ڈیرے ڈالے جبکہ گزشتہ ہفتے اُتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا، اس کے باوجود تیزی کا تسلسل برقرار رہا۔

رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران پہلے ہی دو گھنٹوں کے دوران انڈیکس میں 178.29 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی جس کا تسلسل آگے جا کر دیکھنے کو ملا، دوپہر بارہ بجے تک انڈیکس 398.02 پوائنٹس بڑھ گیا تھا اس موقع پر 38 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔

تیزی کا تسلسل مزید اگلے دو گھنٹوں کو دیکھنے کو ملا اور انڈیکس دوپہر ڈیڑھ بجے تک 661.91 پوائنٹس بڑھ گیا تھا اور انڈیکس 38269.53 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا، ایک موقع پر ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 38291.77 پوائنٹس تک بھی پہنچ گیا تھا۔

تاہم کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 613.54 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 38 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہونے کے بعد 38221.16 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

ٹریڈنگ کے دوران 1.63 فیصد کاروبار ریکارڈ کیا گیا، جبکہ 18 کروڑ 39 لاکھ 13 ہزار 641 شیئرز کا لین دین ہوا، سرمایہ کاروں کو ایک کھرب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کی سب سے بڑی وجہ شرح سود میں ممکنہ تبدیلی تھی تاہم سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے رواں ماہ ہونے والی شرح سود کی ممکنہ تبدیلی کو مؤخر کر دیا اور کہا کہ نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان ستمبر کو کیا جائے گا۔ بہتر معاشی اعشاریے، عالمی مارکیٹ کی طرف سے ایک ماہ کے دوران تین ارب ڈالر سے زائد امداد اور ہاؤسنگ سکیم میں بہتری کی خبروں کے باعث سرمایہ کار ٹریڈنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
 

Advertisement