130 سے زائد اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی نصف، چار پر مکمل ختم

Published On 22 August,2020 02:40 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) حکومت نے سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات جاری رکھتے ہوئے 130 سے زائد اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی نصف جبکہ چار اشیا پر ڈیوٹی مکمل ختم کر دی۔

وزارت تجارت کی دستاویز کے مطابق سمگلنگ سے متعلق 89 اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی 5 سے کم کر کے ڈھائی فیصد کردی گئی ہے جبکہ 37 اشیا پر ڈیوٹی 8 سے کم ہوکر 4 فیصد رہ گئی، دستاویز میں مزید بتایا گیا کہ سی کے ڈی اور ایس کے ڈی انجنوں پر عائد 5 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی بھی ختم کر دی گئی، پیڈ لاک، فرنیچر لاک سمیت ہر قسم کے لاک پر عائد 5 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی بھی ختم کی گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق واش بیسن، کریسٹرن اور سرامک ٹائل پر ریگولیٹری ڈیوٹی 40 سے کم کر کے 20 فیصد جبکہ ایل سی ڈی اور ایل ای ڈی پر ڈیوٹی 20 سے کم ہو کر 10 فیصد رہ گئی، اسی طرح واون فیبرکس پر ریگولیٹری ڈیوٹی نصف اور مختلف اقسام کے یارن پر ڈیوٹی 8 سے کم کر کے 4 فیصد کر دی گئی۔

دستاویز کے مطابق کمبل، سفری رگز پر ریگولیٹری ڈیوٹی 10 سے کم ہو کر5 فیصد رہ گئی ہے۔ حکام وزارت تجارت کے مطابق سمگلنگ سے متعلق اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی کم اور ختم کرنے سے سمگلنگ کی حوصلہ شکنی ہوگی، فارمل ٹریڈ بڑھے گی اور ریونیو میں بھی اضافہ ہو گا۔