جی آئی ڈی سی پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو لاگو کرنا ہوگا: مشیر خزانہ

Published On 11 September,2020 09:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے فرٹیلائزرز کی صنعت اور اپٹما کے گیس ڈویلپمنٹ سرچارج سے متعلق تصفیہ طلب معاملات طے کرنے کے لیے دو ذیلی گروپ بنا دیئے ہیں۔

اسلام آباد میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے فرٹیلائزرز کی صنعت اور اپٹما کے نمائندوں کی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقات میں گیس کے بنیادی ڈھانچے کے مسئلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیر صنعت حماد اظہر اورمعاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر بھی موجود تھے۔ وفود کی جی آئی ڈی سی کی ادائیگی کے لئے وقت کی حد کو بڑھانے کیلئے درخواست کی ۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ جی آئی ڈی سی پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو لاگو کرنا ہوگا، عدالت کےفیصلے کی روشنی میں یہ مسئلہ حل کیاجائے گا، حکومت کورونا کے بعد کی صورتحال کو دیکھتے ہوئےصنعتوں کی مدد کرے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ جی آئی ڈی سی کےمسئلےکےحل کیلئے دو ذیلی گروپ تشکیل دیئے جائیں گے، گروپس مسئلے کے حل کے لئے دو تین قابل عمل تجاویز پیش کریں۔ پہلاگروپ فرٹیلائزرز انڈسٹری، وزارت خزانہ ، ایف بی آر اور معاون خصوصی پٹرولیم پر مشتمل ہوگا۔ دوسراگروپ اپٹما مسائل کےحل کیلئے وزارت خزانہ، وزارت تجارت، پیٹرولیم ڈویژن اور ایف بی آر پر مشتمل ہوگا۔

حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ دونوں ذیلی گروپوں کی سربراہی وزیر صنعت حماد اظہر کرینگے۔ دونوں گروپ ایک ہفتے میں سفارشات پیش کریں۔
 

Advertisement