راولپنڈی: چکی آٹا 2 دن میں 5 روپے مہنگا، قیمت 75 روپے کلو تک پہنچ گئی

Published On 18 September,2020 12:06 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں چکی آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ دو دن میں آٹا پانچ روپے مہنگا ہونے سے فی کلو قیمت 75 روپے کلو ہو گئی۔

راولپنڈی میں چکی آٹے کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ، دو دن میں آٹا 5 روپے جبکہ گزشتہ دو ماہ کے دوران 15 روپے کلو تک مہنگا ہو گیا جس کے بعد قیمت 75 روپے فی کلو تک جا پہنچی۔

شہر میں اس وقت 15 کلو آٹے کی قیمت 980 روپے جبکہ 25 کلو کا تھیلا 1450 سے 1500 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اب تو صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا، آٹا خریدنے کی سکت بھی نہیں رہی تو کھائیں گے کیا۔

چکی آٹا ہر روز کیوں مہنگا ہو رہا ہے، اس پر چکی مالکان کہتے ہیں گندم مہنگی مل رہی ہے تو آٹا سستا کیسے دیں۔ یوں عوام مہنگائی کے ہاتھوں پس رہے ہیں لیکن حکومتی دعووں کے باوجود اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کسی طرح قابو میں نہیں آ رہیں۔
 

Advertisement