پشاور کے یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی، آٹا اور گھی نایاب، شہری بازار سے مہنگا خریدنے پرمجبور

Published On 14 October,2020 10:08 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی، آٹا اور گھی نایاب ہو گیا، اسٹورز کو اشیائے خورونوش کا کم کوٹہ ملنے پرمسائل مزید بڑھنے لگے، شہری اوپن مارکیٹ سے مہنگے داموں اشیا خریدنے پرمجبورہوگئے ہیں۔

پشاور میں یوٹیلٹی اسٹورز کو اشیائے خوردنی کا کم کوٹہ ملنے پرمسائل بڑھ گئے، حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے دعوے دھرے رہ گئے، پشاورکے یوٹیلٹی سٹوروں پر آٹا، چینی اور گھی نایاب ہو گئے۔

20 کلو سرکاری آٹے کی قیمت 800 روپے تو مقرر ہے لیکن یوٹیلٹی اسٹوروں پر دستیاب نہیں، چینی کی فی کلو قیمت 68 روپے ہے لیکن یہ بھی سٹوروں سے غائب ہے، گھی 170 روپے فی کلو نرخ تو مقرر کیا گیا ہے لیکن موجود نہیں،شہریوں کا کہنا ہے کہ جن اشیاء کی قیمتیں مارکیٹ سے کم ہیں وہ سٹور میں ملتی نہیں۔

یوٹیلٹی اسٹورانتظامیہ کے مطابق سٹوروں میں چینی ،گھی اورآٹا اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں سستا ہے، سٹورز پریومیہ 20 کلو آٹے کے 100 سے 150 اور 5 کلو چینی کے بھی 100 سے 150 تھیلے روزانہ آتے ہیں تاہم جلد ہی ختم ہوجاتے ہیں۔
 

Advertisement