پن بجلی کی قیمت میں 2 روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست پرسماعت مکمل

Published On 12 November,2020 04:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیپرا نے پن بجلی کی قیمت میں 2 روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست پرسماعت مکمل کر لی، چئیرمین نیپرا نے کہا ہے کہ اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کیا جائے گا۔

چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت رواں مالی سال کیلئے 220 ارب روپے صارفین سے وصولی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران چئیرمین نیپرا نے کہا کہ دیکھنا پڑے گا جن منصوبوں کیلئے واپڈا کی جانب سے رقم مانگی جا رہی ہے وہ متعلقہ فورمز سے منظور ہوئے یا نہیں، اگر منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر ہوئی تو ذمہ دار کون ہو گا؟

سماعت کے دوران واپڈا حکام نے بتایا کہ ڈیمز کا بنیای مقصد پانی ذخیرہ کرنا ہے، ارسا پانی کے اخراج کی سفارش کرے گا تو بجلی پیدا ہو گی۔

چئیرمین نیپرا نے کہا کہ اگر صرف پانی ذخیرہ کرنا ہے تو ہم سے کس چکر میں ٹیرف مانگ رہے ہیں،اتھارٹی نے چیئرمین واپڈا کی غیر حاضری اور رواں مالی سال کیلئے ٹیرف بڑھانے کی درخواست تاخیر سے بھیجنے پر پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔

سماعت کے بعد چیئرمین نیپرا نے کہا کہ واپڈا کے اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کیا جائے گا۔ اگر واپڈا کی درخواست من و عن منظور ہوئی تو پن بجلی کا ٹیرف 5 روپے 67 پیسے فی یونٹ بڑھ کر 7 روپے 67 پیسے فی یونٹ ہو جائے گا۔
 

Advertisement