سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 24.6 فیصد نمایاں اضافہ

Published On 10 January,2021 04:48 pm

اسلام آباد: (اے پی پی) سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر ملک ارسال کرنے کی شرح میں جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 24.6 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جولائی سے لے کر دسمبر 2020ء تک کی مدت میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ورکروں نے 3.955 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 24.6 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 3.174 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ دسمبر 2020ء میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 624.8 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا۔

پچھلے سال دسمبر میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 577.1 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ موجودہ حکومت کی جانب سے قانونی اور بینکنگ ذرائع سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی اور ترغیباتی اقدامات کی وجہ سے جاری مالی سال میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی طرف سے ترسیلات زر ملک ارسال کرنے کی شرح میں مجموعی طور پر 24.9 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
 

Advertisement