پی ٹی آئی حکومت کے ڈھائی سال، چینی 38، آٹے کا تھیلا 199 روپے مہنگا ہوا

Published On 19 February,2021 04:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت کے ڈھائی سال میں چینی 38 روپے جبکہ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 199 روپے مہنگا ہوا، ڈھائی کلو گھی کے ڈبے کی قیمت میں دو سو 65 روپے اضافہ ہوا۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف حکومت کے اڑھائی سال عوام پر بھاری پڑ گئے، دعوؤں کے باوجود مہنگائی کا طوفان تھم نہ سکا۔ چینی 38 روپے فی کلو، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 199 روپے مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق اگست 2018 میں چینی کی اوسط قیمت 55روپے 59 پیسے فی کلو تھی جو اس وقت 93 روپے 59 پیسے فی کلو ہے ۔اسی عرصے میں گڑ 45 روپے 61 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔

دستاویز کے مطابق اگست 2018 سے فروری 2021 کے دوران دال ماش 106 روپے 94 پیسے،دال مسور42 روپے 30 پیسے ،دال مونگ 119روپے 50 پیسے ،دال چنا38 روپے 65 پیسے ،بکرے کا گوشت 216 روپے اور گائے کا گوشت 100 روپے 57 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔

دستاویز کے مطابق موجودہ دور حکومت میں برائلز مرغی 102 روپے کلو، اڑھائی کلو گھی کا ڈبہ 265 روپے،لہسن 119 روپے 94 پیسے جبکہ انڈوں کی قیمت میں فی درجن 50 روپے اضافہ ہوا۔

Advertisement