پی ایس ایل، لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 4 رنز سے شکست دے دی

Published On 13 Feb 2016 10:50 PM 

لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔ جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 160 رنز بنا سکی۔

 

شارجہ: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ کے سلسلے کا پندرہواں میچ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا گیا۔ پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی جانب سے محمد حفیظ اور تمیم اقبال اوپننگ کرنے آئے۔ تمیم اقبال نے 1 چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 22 گیندیں کھیل کر 30 رنز بنائے اور ڈلپورٹ کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ محمد حفیظ نے 2 چوکوں کی مدد سے 7 گیندیں کھیل کر 9 رنز بنائے اور کوپر کی گیند پر اظہر علی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ کامران اکمل نے 1 چوکے کی مدد سے 20 گیندیں کھیل کر 18 رنز بنائے اور ڈلپورٹ کی گیند پر اظہر علی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ شاہد آفریدی نے 1 چوکے کی مدد سے 6 گیندیں کھیل کر 9 رنز بنائے اور ڈلپورٹ کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ شاہد یوسف 3 چوکوں کی مدد سے 16 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ سیمی نے 6 رنز بنائے اور کوپر کی گیند پر زوہیب خان نے انکا کیچ پکڑا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے کوپر اور ڈلپورٹ نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کی جانب سے کرس گیلز اور ڈلپورٹ اوپننگ کرنے آئے۔ کرس گیلز ایک بار پھر ناکام رہے اور پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے جنید خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ اظہر علی نے 3 چوکوں کی مدد سے 26 گیندیں کھیل کر 25 رنز بنائے اور سیمی کی گیند پر تمیم اقبال کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ڈلپورٹ نے 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 61 گیندیں کھیل کر 78 رنز بنائے اورجنید خان کی گیند پر مالن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ عمر اکمل نے 6 چوکوں کی مدد سے 31 گیندیں کھیل کر 52 رنز بنائے۔