’شعیب ملک کے بیٹے کو پاکستانی شہریت نہیں مل سکے گی‘

Last Updated On 31 October,2018 04:40 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) ایف آئی اے ذرائع کے مطابق پاکستان کے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن قوانین کے تحت بھارتی شہری کو پاکستانی شہریت نہیں دی جا سکتی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کے بیٹے کو پاکستان کی شہریت نہیں مل سکے گی۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق پاکستان کے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن قوانین کے تحت بھارتی شہری کو پاکستانی شہریت نہیں دی جا سکتی۔

ذرائع کے مطابق شعیب ملک کو اپنے بیٹے کو پاکستانی شہریت دلانے کیلئے بھارتی شہریت چھوڑ نا پڑے گی۔ پاکستان کے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن قوانین کے تحت دہری شہریت کسی اور ملک کے ساتھ تو رکھی جا سکتی ہے لیکن بھارت کے ساتھ نہیں۔ یاد رہے کہ شعیب ملک کا بیٹا بھارت کے شہر حیدر آباد میں پیدا ہوا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک اور ان کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے یہاں گزشتہ روز ننھے مہمان کی آمد ہوئی، شعیب ملک نے ’مرزا ملک‘ کی آمد کی خوشخبری سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے شیئر کی۔

انہوں نے ٹویٹر پیغام میں پُرجوش انداز میں بیٹے کی ولادت کی نوید سنائی اور لکھا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ بیٹا ہوا ہے اور الحمد اللہ میری بیوی بھی ٹھیک ہیں اور ہمیشہ کی طرح مضبوط ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ آپ کی دعاؤں اور نیک خواہشات کا شکریہ، ہم آپ کے ممنون ہیں۔ آخر میں آل راؤنڈر نے ہیش ٹیگ میں ”بے بی مرزا ملک“ بھی نمایاں کیا۔

اس خبر کے اعلان کیساتھ ہی شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کو مداحوں، کرکٹ سٹارز، شوبز ستاروں اور دیگر نامور شخصیات کی جانب سے بیٹے کی ولادت پر مبارک بادی پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

سیالکوٹ میں شعیب ملک کے گھر جشن کا سماں رہا، والدہ نے مٹھائیاں تقسیم کیں جبکہ مداح ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔ اس موقع پر شعیب کی والدہ نے کہا کہ وہ پوتے کی پیدائش پر انتہائی خوش ہیں، امید ہے کہ وہ اپنے باپ شعیب ملک کی طرح خوبصورت اور خوب سیرت ہوگا۔

فاسٹ باؤلر محمد عامر اور سہیل تنویر نے دونوں کو بیٹے کی مبارکباد پیش کی اور دعا بھی دی۔ شاہد آفریدی نے شعیب ملک کی ٹویٹ کے جواب میں لکھا کہ دونوں شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کو بہت مبارک ہو، اللہ آپ کو اور آپ کے گھر والوں کو خوش اور صحت مند رکھے۔

محمد حفیظ نے ثانیہ اور شعیب ملک کے ساتھ ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے بچے کو ’ننھا ملک صاحب‘ کہا ہے۔ وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے ٹویٹر پر بے بی مرزا ملک کا استقبال کیا اور ماں باپ کو مبارکباد دی۔

اداکارہ ماورا حسین نے بھی شعیب ملک کو مبارک باد دی۔ بالی ووڈ ہدایت کار و کوریوگرافر فرح خان جو کہ ثانیہ مرزا کی سب سے قریبی دوست ہیں نے بھی مبارک باد پیش کی اور انسٹاگرام پر خاص پوسٹ شیئر کی۔

اداکارہ نیہا دھوپیا نے لکھا کہ میرے خوبصورت دوستوں ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کو نیا نیا والدین بننا بہت بہت مبارک ہو۔ شعیب ملک کے ٹویٹ کے بعد سے سوشل میڈیا پر اس بحث کا آغاز ہو گیا کہ شعیب ملک کے بیٹے کی شہریت پاکستان کی ہے یا وہ بھارتی ہو گا؟

اداکارہ کستوری شنکر نے مبارکبادکیساتھ لکھا کہ بچے کی پیدائش بھارت میں ہوئی ہے تو اس لیے وہ یہیں کا شہری ہو گا۔ ایک صارف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ شعیب ملک خود چاہتے تھے کہ ان کی اولاد کی پیدائش بھارت میں ہو تا کہ اس کی شہریت وہیں کی ہو۔

صارف روبینہ جان نے بھی یہی لکھا کہ شعیب ملک کی خواہش تھی کہ ان کی اولاد کی شہریت بھارتی ہو۔ ادھر کرکٹر شعیب ملک نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ بیٹے کا نام اذہان رکھا گیا ہے۔

 

Advertisement