پی ایس ایل فور، ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز نے شاندار کم بیک کر لیا

Last Updated On 18 February,2019 12:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل فور کا مایوس کن آغاز کرنے والی ٹیموں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز نے شاندار کم بیک کر لیا، دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کو زیر کیا، آفریدی کے بوم بوم چھکوں کی گونج پڑ گئی۔

دبئی میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کا بپھرے سلطانز سے میچ، نپی تلی بولنگ سے یونائٹڈ ایک سو پچیس تک محدود، لیوک رونکی اکاون رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ جواب میں ملتان سلطانز کی شروعات اچھی نہ تھی، تین پر پہلی، چالیس پر دوسری اور تینتالیس رنز پر تیسری وکٹ گری، شاہد آفریدی 16 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، ان کے بوم بوم چھکوں نے بڑے بڑوں کے چھکے چھڑا دیئے۔ کپتان شعیب ملک کی ذمہ دارانہ، جارحانہ بلکہ فاتحانہ اکتیس رنز نے ٹیم کو پانچ وکٹ کی فتح دلائی۔

دن کا دوسرا میچ بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا، لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو ایک سو سینتیس رنز کا ہدف دیا، اوپنر سہیل اختر انتالیس اور فخر زمان کے چھبیس رنز رہے۔ ہدف کے تعاقب میں ہیوی ویٹ کراچی کنگز کو تیرہ رنز کا اوپننگ سٹینڈ ملا، بابر اعظم کا دم خم اٹھائیس رنز پر ختم ہو گیا۔
وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کے چونتیس رنز بھی بے کار ہی گئے۔

قلندرز کی اٹیکنگ بولنگ نے کنگز کو ایک سو سولہ پر آل آؤٹ کر دیا، 22 رنز کی شکست سے دوچار کیا۔ نوجوان حارث رؤف کے چار شکار نے گویا قلندرز کی کشتی پار لگا دی۔ لیفٹ ہینڈر، راحت علی تین اور شاہین آفریدی نے دو مہرے کھسکائے۔