بھارت میں پی ایس ایل دکھانے پر پابندی، پاکستان معاملہ آئی سی سی میں اٹھائے گا

Last Updated On 18 February,2019 11:42 am

لاہور: (دنیا نیوز) بھارت نے پاکستان دشمنی میں ہردلعزیز کھیل کرکٹ کا بھی گلہ گھونٹ دیا، پلوامہ کو بہانہ بنا کر بھارتی کمپنی نے پی ایس ایل میچز نہ دکھانے کا فیصلہ کر لیا۔ پی سی بی حکام نے پلان بی پر کام کرتے ہوئے معاملہ آئی سی سی میں اٹھانے کا اعلان کر دیا، ساتھ ہی کہا کہ نئی نشریاتی کمپنی سے معاہدہ جلد ہو جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ کی بڑھتی ہوئی ویلیو اور شہرت پر ہٹ دھرم بھارت جل بھن گیا، پلوامہ ڈرامہ کو بہانہ بنا کر بھارتی نشریاتی کمپنی آئی ایم جی ریلائنس ہردلعزیز کرکٹ لیگ سے علیحدہ ہو گئی۔ بقیہ میچز سے آؤٹ ہو کر پی سی بی کو مطلع کر دیا۔

کرکٹ کے نام نہاد پروموٹر بھارت کی اس شرمناک حرکت پر کھیل دشمنی کھل کر سامنے آ گئی، نشریاتی کمپنی کے بعد سپورٹس چینل نے بھی میچ دکھانا بند کر دیئے تھے جس پر کرکٹ دیوانے مایوسی کا شکار ہو گئے۔

ادھر پی سی بی کے نئے مینیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے اس بھارتی اقدام کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاست اور کرکٹ کو الگ رکھنا چاہیے، ساتھ ہی ملکوں اور لوگوں کو قریب لانے میں کرکٹ کے کردار کی تاریخ یاد کرائی۔ وسیم خان نے گویا باؤنسر مارتے ہوئے بھارتی کھیل انتہا پسندی کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور بی سی سی آئی میں اٹھانے کا اعلان کر دیا۔