انتظار کی گھڑیاں ختم: پی ایس ایل سیزن فور کا آج سے آغاز

Last Updated On 15 February,2019 01:02 pm

دبئی: (دنیا نیوز) شائقین کرکٹ کے انتظار کے لمحات ختم ہونے کو ہیں کیونکہ پاکستان سپر لیگ کا چوتھا میلہ آج سے سج جائے گا، افتتاحی تقریب میں یورو کیریبین ووکل گروپ بونی ایم پرفارم کرے گا جبکہ فواد خان، پاکستانی بینڈ جنون، آئمہ بیگ اور شجاع حیدر سمیت دیگر فنکار بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ ایونٹ کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کا سامنا لاہور قلندرز سے ہوگا، ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے شاہد آفریدی، رلی روسو، فواد احمد اور کالن انگرم بھی دبئی پہنچ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن آج سے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا جس کیلئے سٹیج تیار ہو چکا ہے اور متحدہ عرب امارات میں دبئی کے علاوہ ابوظہبی اور شارجہ میں بھی مجموعی طور پر 26 میچز کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ اختتامی مرحلے کے 8 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے جس میں سے فائنل سمیت 5 میچوں کی میزبانی کراچی کا نیشنل سٹیڈیم کرے گا جبکہ 3 میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہوں گے۔ آج ایونٹ کا پہلا معرکہ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان 10 بجے شب شروع ہوگا جس میں کامیابی کیلئے دونوں ٹیموں کے نئے کپتان محمد سمیع اور محمد حفیظ پرعزم ہیں جن کو ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں جن میں ابراہام ڈی ویلیئرز نمایاں ترین ہیں۔

افتتاحی معرکے سے قبل 8 بجے شب شروع ہونے والی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا جس کے دوران معروف امریکی ریپر پٹ بل اور یورو کیریبین ووکل گروپ بونی ایم پرفارم کرے گا جبکہ کھیل کے شائقین پاکستانی بینڈ جنون کے علاوہ فواد خان، شجاع حیدر اور آئمہ بیگ کے فن سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے جبکہ انہیں آتش بازی کے مظاہرے سمیت دیگر سرگرمیاں دیکھنے کا بھی موقع ملے گا اور یوں پی ایس ایل کا پہلا ہی دن ایک فیسٹیول کی شکل اختیار کر جائے گا۔

واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ روزملتان سلطانز کے شاہد آفریدی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے رلی روسو اور فواد احمد جبکہ کراچی کنگز کے جنوبی افریقی بیٹسمین کولن انگرم بھی دبئی پہنچ کر اپنی ٹیموں سے منسلک ہو گئے۔