پی ایس ایل فور، ملتان سلطانز آج کراچی کنگز سے ٹکرائیں گے

Last Updated On 15 February,2019 10:44 am

لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل فور میں ملتان کے سلطانز کا آج پہلا امتحان ہے، کراچی کنگز کے خلاف میدان شام ساڑھے چار بجے سجے گا۔ دوسرے میچ میں پشاور زلمی کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہو گا۔

سپر لیگ کا سیزن چار دھوم دھام سے جاری ہے، یواے ای میں چوکوں چھکوں کی بہار آ گئی۔ جنوب کی پہچان ملتان سلطانز کا آج دبئی میں کراچی کنگز سے جوڑ پڑے گا۔ میچ شام ساڑھے چار بجے شروع ہو گا۔

کپتان شعیب ملک کو اپنے سلطانز پر مان ہے، جیمز وینس اور آندرے رسل ٹیم کی شان بڑھائیں گے، شاہد آفریدی کی جاندار انٹری کا بھی شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔ دراز قد محمد عرفان ٹیم کی جان ثابت ہوں گے۔

ادھر کراچی ٹیم میں ٹی 20 کے نمبر ون بابر اعظم اِن ایکشن ہوں گے۔ روی بھوپارا اور کولن منرو انٹری کو یادگار بنائیں گے۔ محمد عامر اور عثمان شنواری کی تیزرفتاری حریف ٹیم پر بھاری پڑسکتی ہے۔

پی ایس ایل کا دوسرا ٹاکرا رات 9 بجے ہوگا، ڈیرن سیمی کی پشاور زلمی اور سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آمنا سامنا ہو گا، دونوں ٹیموں نے فتح پر نظریں جما لیں۔


 

Advertisement