انگلینڈ کیخلاف سیریز اور ورلڈ کپ کیلئے قومی سکواڈ کا آج اعلان

Last Updated On 18 April,2019 08:41 am

لاہور: (دنیا نیوز) انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز اور عالمی کپ کیلئے قومی کرکٹ سکواڈ کا اعلان آج کیا جائے گا، حتمی سکواڈ میں جگہ بنانے کیلئے ٹریننگ سیشن کے دوران پلیئرز بھرپور محنت کر رہے ہیں جنہوں نے گزشتہ روز خراب موسم کے باعث انڈور پریکٹس پر اکتفا کیا۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی زیر نگرانی قذافی سٹیڈیم میں جاری قومی ٹیم کے ٹریننگ سیشن میں تمام کوچز فعال دکھائی دیئے اور اظہر محمود نے باؤلرز اور گرانٹ فلاور نے بیٹسمینوں کو مفید ہدایات دیں جبکہ فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈبرن بھی پلیئرز کو مشوروں سے نوازتے رہے۔

دوسری جانب انگلش ٹور اور ورلڈ کپ کیلئے حتمی کھلاڑیوں کی فہرست کم و بیش تیار کرلی گئی ہے اور آج شام کو چیئرمین پی سی بی احسان مانی قومی سکواڈ کا اعلان کریں گے۔ سرفراز احمد کپتانی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ اوپنرز میں فخر زمان، امام الحق، عابد علی مضبوط امیدوار جبکہ آل راؤنڈرز میں فہیم اشرف، شاداب خان اور عماد وسیم پر سلیکٹرز کو اعتماد ہے۔ بابر اعظم، حارث سہیل، شعیب ملک، محمد حفیظ اور سرفراز احمد مڈل آرڈرز کی ذ٘مہ داریاں نبھانے کو تیار ہیں۔ فاسٹ باؤلرز میں حسن علی، محمد عامر، شاہین آفریدی کی انٹری یقینی ہے۔

اگرچہ سکواڈ میں شمولیت کیلئے فٹنس اولین ترجیح قرار دی جا رہی ہے تاہم ذرائع کا دعویٰ ہے کہ فٹنس ٹیسٹ میں ناکام رہنے والے پلیئرز کے نام بھی زیر غور ہیں جن کو انگلینڈ کیخلاف سیریز میں آزمایا جا سکتا ہے اور بہتری کی صورت میں انہیں ورلڈ کپ سکواڈ میں جگہ مل سکتی ہے۔ آسٹریلیا کیخلاف دو سنچریاں بنانے والے وکٹ کیپر محمد رضوان کی فٹنس ٹیسٹ میں ٹاپ پوزیشن کے باوجود حتمی سکواڈ میں شمولیت پر سوالیہ نشان ہے۔

عالمی کپ کیلئے منتخب سکواڈ جمعے کو وزیر اعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کرے گا۔ قومی ٹیم 5 سے 19 مئی تک انگلینڈ کے خلاف ایک ٹی ٹونٹی اور پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کھیلے گی۔ پاکستان کا ورلڈ کپ میں پہلا ٹاکرا 31 مئی کو ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔
 

Advertisement