کنڈیشنگ کیمپ، فٹنس ٹیسٹ میں محمد رضوان اور شان مسعود بازی لے گئے

Last Updated On 20 August,2019 10:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کا کنڈیشنگ کیمپ لاہور میں شروع کر دیا۔ کاؤنٹی کھیلتے اظہر علی جبکہ شادی میں مصروف حسن علی اور شاداب خان بعد میں جوائن کریں گے۔

 

دنیا نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے لگائے گئے کنڈیشنگ کیمپ کے پہلے روز کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ محمد رضوان اور شان مسعود سب سے فٹ کرکٹر ثابت ہوئے۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پہلے روز پانچ ٹیسٹ لئے گئے جن میں اسٹرنتھ ٹیسٹ، یویو ٹیسٹ، سکن فولڈ، سپیڈ ٹیسٹ اور میڈیکل سکریینگ شامل ہے۔ ان ٹیسٹ میں کرکٹرز کے کمزور اور طاقتور پٹھوں کا جائزہ لیا گیا۔

یویو ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کی فٹنس نوٹ کی گئی جس میں محمد رضوان اور شان مسعود نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ اس ٹیسٹ میں اٹھارہ کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ فٹنس ٹیسٹ کے کل دوسرے روز کھلاڑیوں کے درمیان ایک کلو میٹر دوڑ کا مقابلہ ہو گا۔

دنیا نیوز کے مطابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی، دبئی میں نکاح کے لیے موجود فاسٹ باؤلر حسن علی اور انکے نکاح میں شرکت کرنے والے دوست شاداب خان کو کچھ دن کی چھٹی دی گئی ہے۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں کیمپ کمانڈنٹ مصباح الحق نے تمام کھلاڑیوں کو لیکچر دیا، پہلے دو روز کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ ہوں گے جس کے بعد بیٹنگ، باولنگ اور فیلڈنگ ٹریننگ ہو گی۔

حسن علی اپنی شادی کی وجہ سے 26 اگست کو شریک ہونگے جبکہ شاداب خان ان کی شادی میں شرکت کے باعث 22 اگست کو جوائن کریں گے، اظہر علی کاؤنٹی کرکٹ کی وجہ سے 24 اگست کو کیمپ آئینگے۔ کیمپ 7 ستمبر تک جاری رہے گا

سابق کپتان مصباح الحق پہلی بار کوچنگ کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں اور بورڈ ٹیم پاکستان کے لیئے انہیں ہی چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ کا عہدہ دینا چاہتا ہے، ایک کرکٹر کے پاس دو بڑے عہدے بورڈ کی نئی روایت ہوگی، مصباح اس وقت کرکٹ کمیٹی کا حصہ بھی ہیں۔

 

Advertisement