سرفرازاحمد کی چھٹی، اظہر علی ٹیسٹ، بابر اعظم ٹی ٹونٹی کے کپتان مقرر

Last Updated On 18 October,2019 07:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی سی بی نے سرفراز احمد کو ناقص کارکردگی کی بنیاد پر ٹیسٹ اور ٹی 20 کی کپتانی سے ہٹا دیا۔ اظہر علی کو ٹیسٹ جبکہ بابرا عظم کو ٹی 20 کے لئے کپتان مقرر کر دیا۔

 اظہر علی کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے اہم ترین فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا، سرفراز احمد نے بہترین انداز میں نئے ٹیلنٹ کو تجربہ کار کھلاڑیوں میں تبدیل کیا ہے، ان تجربہ کار کھلاڑیوں سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بہترین نتائج حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ عالمی رینکنگ میں نمبر ون ٹیم کی قیادت کرنا میرے کیریئر کا سب سے اہم لمحہ ہوگا، نئی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد نے کرکٹ کے سب سے محدود فارمیٹ میں بہترین انداز میں ٹیم کی قیادت کی، سرفراز احمد کی کامیابیوں کو آگے بڑھا کر ٹی ٹونٹی کرکٹ میں مزید کامیابیاں حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

سرفراز احمد نے کہا پاکستان کی قیادت کرنا اعزاز کی بات تھی، اس سفر میں ساتھ دینے پر اپنے تمام کوچز، ساتھی کھلاڑیوں اور سلیکٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اظہر علی اور بابر اعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

عالمی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر موجود پاکستان ٹیم پانچویں ریکنگ پر براجمان آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچ کھیلے گی جو 21 نومبر سے برسبین اور 29 نومبر سے ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 3 نومبر سے ہوگا۔ قومی ٹیم کو آئندہ سال فروری میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی شرکت کرنا ہے۔

2010 میں لارڈز کے میدان میں ڈیبیو کرنے والے اظہر علی قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ قائداعظم ٹرافی کے پہلے مرحلے میں اظہر علی 333 رنز بنا کر دوسرے بہترین بیٹسمین رہے ہیں۔

 

Advertisement