پاکستان دنیا کے محفوظ ترین ملکوں میں سے ایک ہے: کرس گیل

Last Updated On 12 January,2020 11:12 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ویسٹ انڈیز کے ہارڈ ہٹر بیٹسمین کرس گیل کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت دنیا کے محفوظ ترین ملکوں میں سے ایک ہے۔

تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ ٹیم نے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے اس دورے کے دوران دو ٹیسٹ میچز اور تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنا ہے جس کے لیے دونوں ممالک کے بورڈز کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ اب ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے بلے باز نے زبردست بیان دے کر پاکستان کا کیس مزید مضبوط کر دیا ہے۔

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں چھتو گرام چیلنجرز کی نمائندگی کرنے والے کرس گیل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کرکٹ میں اپنی ریٹائرمنٹ کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ابھی 4 سے پانچ سال تک کرکٹ کھیل سکتا ہوں اور زیادہ سے زیادہ عرصے تک کھیلنے کی کوشش میرا عزم ہے۔

40سالہ کرکٹر کا کہنا تھا کہ بہت سے کرکٹ شائقین کرس گیل کو دیکھنا چاہتے ہیں، میں کھیل سے محبت کرتا ہوں اور اس کے لیے اب بھی جنون رکھتا ہوں، میں زیادہ سے زیادہ عرصہ کھیلنے کی کوشش کروں گا۔

رپورٹر نے سوال کیا کہ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ کے لیے محفوظ ملک ہے؟ تو اس کے جواب میں کرس گیل نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا کے محفوظ ترین ملکوں میں سے ایک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دورہ کرنے والی ٹیموں کو صدارتی سطح کی سیکیورٹی فراہم کرتا ہے اور پاکستان کو بنگلہ دیش کی طرح محفوظ قرار دیا۔

کرس گیل کے بیان کے بعد بنگلہ دیش کے لیے دورہ پاکستان سے انکار کرنا مزید مشکل ہو گیا ہے جہاں وہ پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کے حوالے سے شش و پنج کا شکار ہیں۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کو رواں ماہ ٹی20 اور ٹیسٹ میچوں کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے لیکن بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ فی الحال صرف ٹی20 میچوں کے لیے ٹیم بھیج کر بعد میں ٹیسٹ میچ کے لیے ٹم بھیجنے کے بارے میں غور کریں گے۔

تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کو صرف ٹی20 نہیں بلکہ دونوں فارمیٹ کے میچز پاکستان کھیلنا ہوں گے اور پاکستان صرف ٹی20 میچز کی میزبانی نہیں کرے گا۔

دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز کے گزشتہ دنوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں بنگلہ دیش نے اپنے موقف میں کچھ نرمی دکھائی ہے لیکن سوچنے کے لیے پاکستان سے مزید وقت مانگ لیا ہے۔
 

Advertisement