پاکستان کا دورہ نہ کرنے کے متوقع نتائج پر غور کر رہے ہیں: صدر بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ

Last Updated On 08 January,2020 11:39 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) رواں ماہ ہونے والے دورۂ پاکستان کے لیے بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ کی طرف سے فیصلہ 24 گھنٹوں کے دوران متوقع ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر ناظم الحسن نے ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے حتمی فیصلہ جمعرات کو کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دورہ نہ کرنے پر آنے والے نتائج پر غور کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایک ٹیسٹ پاکستان، دوسرا ڈھاکا، پی سی بی نے بنگلا دیشی پیشکش مسترد کر دی

بی سی بی کے صدر ناظم الحسن نے ڈھاکا میں بورڈ کے اہم اجلاس میں شرکا سے پاکستان کے دورے میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر بات کی۔ ناظم الحسن کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاتھ میں بہت کم وقت ہے تو جمعرات کو فیصلہ کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دورہ نہ کرنے پر آنے والے نتائج پر غور کرنا ہے اور سب کیساتھ بات کی، ہم ٹی ٹوئنٹی کی دوطرفہ سیریز سے پریشان نہیں ہیں لیکن ہم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے حوالے سے واضح نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صرف ٹی ٹونٹی سیریز کھیلیں گے: بنگلا دیشی بورڈ، ٹیسٹ میچز کہیں اور نہیں کھیلیں گے: پی سی بی

بی سی بی کے صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا تھا کہ ہم ٹی ٹوئنٹی کھیلنا چاہتے ہیں لیکن پاکستان ٹیسٹ کھیلنا چاہتا ہے، ہم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل ٹی ٹوئنٹی کھیلیں گے، یہ پی سی بی کی تجویز تھی لیکن ہم نے اب تک فیصلہ نہیں کیا تاہم جمعرات کو کریں گے۔

سیریز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگر اس پر غور کریں تو 3 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے مقابلے میں ایک ٹیسٹ میں زیادہ وقت لگتا ہے، ہم وہاں پہنچنے کے اگلے روز ہی ٹیسٹ کھیلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کبھی نہیں کہا کہ پاکستان میں نہیں کھیلیں گے لیکن دورے کے وقت سے پریشان ہیں کیونکہ ہر کوئی زیادہ وقت ٹھہرنا نہیں چاہتا اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لیے 7 یا 8 دن لگیں گے۔

ناظم الحسن کا کہنا تھا کہ وکٹ کیپر اور سینئر بیٹسمین مشفق الرحیم نے پاکستان جانے کی دلچسپی کبھی ظاہر نہیں کی اور دیگر کھلاڑی مختصر دورہ کرنا چاہتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مشفق الرحیم ممکنہ طور پر دورہ نہیں کریں گے جبکہ دیگر کئی کھلاڑی مختصر وقت کے لیے ٹھہرنا چاہتے ہیں جبکہ بنگلا دیش کے 23 کھلاڑیوں نے پی ایس ایل میں رجسٹر کراچکے ہیں جبکہ انہیں معلوم ہے کہ پورا ٹورنامنٹ پاکستان میں کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم نہ آئی تو قانونی چارہ جوئی کرینگے: احسان مانی

ناظم الحسن کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ہم نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو آگاہ کیا ہے لیکن انہوں نے جواب دیا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے پاکستان کے مختلف شہروں میں 35 روز تک پی ایس ایل کھیلنے پر اتفاق کیا ہے تو پھر وہ قومی ٹیم کے ساتھ اس سے کم عرصے میں کھیلنے کو تیار کیوں نہیں ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ ہماری ٹیم کے کوچنگ سٹاف کے اکثر اراکین بھی جانے کو تیار نہیں ہمارے ہیڈ کوچ نے کہا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کھیلنے جاؤں گا اور تمام کھلاڑی بھی مختصر دورہ کرنا چاہتا ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان جا کر کرکٹ کھیلنے میں کوئی اعتراض نہیں: بنگلا دیشی ہیڈ کوچ

خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان رواں ماہ کے آخر میں شیڈول ہے جس میں 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ کھیلے جانے ہیں لیکن بی سی بی کی جانب سے تجویز دی گئی تھی ٹیسٹ سیریز کو موخر کردیا جائے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی اس تجویز کو مسترد کردیا تھا اور اس کی ٹھوس وجوہات بتانے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ اس معاملے پر آئی سی سی میں لے کرجانے کا عندیہ بھی دیا تھا۔