ٹیم میں 5 تبدیلیاں، احسان عادل اور محمد اصغر پاکستان شاہینز کے سکواڈ میں شامل

Last Updated On 12 February,2020 04:26 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شاہینز اور مارلی بون کرکٹ کلب کے خلاف ایک روزہ میچ 16 فروری کو کھیلا جائے گا، اس حوالے سے پاکستان شاہینز کے سکواڈ میں پانچ تبدیلیاں کی گئی ہیں، پی ایس ایل میں شریک کھلاڑیوں کی متعلقہ فرنچائزز کے ساتھ مصروفیات کے سبب پاکستان شاہینز کے سکواڈ میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شاہینز اور مارلی بون کرکٹ کلب کے خلاف ایک روزہ میچ 16 فروری کو کھیلا جائے گا، اس حوالے سے پاکستان شاہینز کے سکواڈ میں پانچ تبدیلیاں کی گئی ہیں، پی ایس ایل میں شریک کھلاڑیوں کی متعلقہ فرنچائزز کے ساتھ مصروفیات کے سبب پاکستان شاہینز کے سکواڈ میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عاکف جاوید، حیدر علی، محمد محسن ، سیف بدر اور عمر خان کی جگہ احسان عادل، محمد اصغر، عمران بٹ، محمد عرفان خان اور ساجد خان کو سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ مارلی بون کرکٹ کلب کے خلاف بارہ رکنی سکواڈ کی قیادت سعود شکیل کر رہے ہیں۔

ابتدائی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے متبادل کی حیثیت سے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

سکواڈ میں طلب کیے گئے احسان عادل نے قائداعظم میں سنٹرل پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے حالیہ سین کے نو فرسٹ کلاس میچز میں 32.67 کی اوسط سے 18 وکٹیں حاصل کیں، اسی طرح عمران بٹ نے بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 9 فرسٹ کلاس میچز میں 934 رنز بنائے۔

آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020ء میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محمد عرفان خان کو بھی پاکستان شاہینز کے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ 17 سالہ نوجوان کرکٹر نے ستمبر 2019ء میں اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی، حالیہ ڈومیسٹک سیزن کے دوران محمد عرفان نے 10 نان فرسٹ کلاس میچز میں 475 رنز بنائے تھے۔

بائیں ہاتھ کے محمد اصغر نے 8 فرسٹ کلاس میچز میں بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 27 حاصل کیں جبکہ کے پی کے کے ساجد خان نے چھ میچز میں 25 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہر کرنے والے دونوں سپنرز کو پاکستان شاہینز کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔

دوسری طرف مارلی بون کرکٹ کلب اور ناردرن کے درمیان میچ 17 فروری کو ایچیسن کالج میں کھیلا جائے گا، پی ایس ایل فرنچائز کے ساتھ مصروفیات کے باعث ناردرن کے سکواڈ میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، موسیٰ خان کی جگہ منیر ریاض کو سکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے، نوجوان کرکٹر نے قومی انڈر 19 تین روزہ ٹورنامنٹ کے 6 میچز میں 14 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

سکواڈ پاکستان شاہینز:

سعود شکیل کپتان، احسان عادل، حسن محسن، عمران بٹ، عمران رفیق، محمد عرفان خان، محمد اصغر، عمیر بن یوسف، روحیل نذیر کیپر ، ساجد خان، ثمین گل اور ذیشان ملک شامل ہیں۔

سکواڈ ناردرن :

روحیل نذیر کپتان، فیضان ریاض، علی عمران، حیدر علی، مبشر خان، منیر ریاض، نعمان علی، سرمد بھٹی، شہزاد اعظم، شیراز خان، زید عالم اور ذیشان ملک شامل ہیں۔
 

Advertisement