ٹیسٹ سیریز سے قبل جیت نے ہمارا حوصلہ بڑھایا: مصباح الحق

Published On 23 December,2020 08:58 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کی جیت ہمارے لیے بہت ضروری تھی۔

گزشتہ روز نیپئر میں انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ سیریز سے قبل اس جیت نے ہمارا حوصلہ بڑھایا ہے۔ بابر اعظم اور فخر زمان کی عدم موجودگی میں ہمارے پاس اوپننگ کی آپشن محدود تھی۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ محمد رضوان سے ہمیں ایک اچھی اننگز درکار تھی اور محمد رضوان نے آج بہترین کھیل پیش کیا۔ حفیظ کی جتنی تعریف کریں کم ہے، وہ اپنے کھیل میں بہت تبدیلی لائے ہیں۔ عبداللہ شفیق، حیدر علی اور خوشدل شاہ نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع اور وقت دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹاپ آرڈر میں اچھے بیٹسمین موجود تھے، اس لیے افتخار احمد اور حسین طلعت کو پہلے دو میچز میں موقع نہیں مل سکا۔ پہلے دو میچوں میں بیٹنگ پہلے کرنے اور آج بعد میں کرنے کے حساب سے کمبی نیشن بنایا تھا جو اتنا زیادہ کامیاب ثابت نہیں ہو سکا۔
 

Advertisement