پاک افریقا ٹیسٹ سیریز، علیم ڈار پہلی مرتبہ ہوم گراﺅنڈ پر امپائرنگ کے فرائض سرانجام دینگے

Published On 16 January,2021 05:13 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے مطابق پاکستان کے علیم ڈار اور احسن رضا پہلی مرتبہ اپنے ہوم گراﺅنڈ پر کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ میچ ریفری جاوید ملک بھی پہلی مرتبہ ٹیسٹ فارمیٹ میں میچ ریفری کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایلیٹ پینل کے رکن علیم ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستا ن میں کھیلے جانے والے کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کیلئے تقرری میرے لئے ایک جذباتی لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اب تک 132 ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کر چکا ہوں مگر بالآخر 17 سال بعد وہ لمحہ بھی آ گیا ہے کہ مجھے پہلی مرتبہ اپنے ملک میں کھیلے جانے والے کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کا موقع مل رہا ہے۔

علیم ڈار نے کہا کہ ایک کھلاڑی کی طرح میچ آفیشلز بھی اپنے ہوم گراﺅنڈ میں امپائرنگ کی ذمہ داریاں ادا کرنے کے منتظر ہوتے ہیں اور میں محدود طرز کی کرکٹ میں یہ لمحہ دیکھ بھی چکا ہوں مگر ٹیسٹ کرکٹ کھیل کا سب سے اہم فارمیٹ ہے، میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین دونو ں ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھانے کا منتظر ہوں۔
 

Advertisement