ٹی ٹونٹی سیریز، دونوں ٹیمیں اکٹھی قذافی سٹیڈیم لانے کی تیاری

Published On 06 February,2021 08:33 am

لاہور (روزنامہ دنیا) قذافی سٹیڈیم لاہور میں 11 جنوری سے کھیلی جانے والی 3 روزہ پاک جنوبی افریقہ ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کے انعقاد کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ لاہور نے پی سی بی کی مشاورت کے ساتھ پاکستانی اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کو ایک ہی وقت میں قذافی سٹیڈیم پہنچانے کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔

جس کے مطابق مقامی ہوٹل میں قیام پذیر قومی اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کو میچ کے تینوں روز الگ الگ قذافی سٹیڈیم پہنچانے کے بجائے دونوں ٹیموں کو ایک ہی وقت میں اکٹھے سخت سکیورٹی کے حصار میں قذافی سٹیڈیم لایا جائیگا۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد دونوں کرکٹ ٹیموں کی ہوٹل سے قذافی سٹیڈیم تک موومنٹ کے دوران لاہور کے شہریوں کو ٹریفک کے بہاؤ کے انتظار کی اذیت سے بچانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کا وقت بچانا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے اس فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے چار فروری کو باقاعدہ ایک ریہرسل بھی کی تھی جس میں ایک ٹیم کو ہوٹل سے قذافی سٹیڈیم تک پہنچانے کیلئے 20 منٹ درکار تھے اور دونوں ٹیموں کو سٹیڈیم پہنچانے کیلئے شہریوں کو 40 منٹ تک سڑکوں پر ٹریفک کے بہاؤ کا انتظار کرنا پڑنا تھا۔
 

Advertisement