کراچی: پولیس مقابلے کے بعد ایم کیوایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار، دستی بم برآمد

Last Updated On 09 January,2019 02:50 pm

کراچی: (دنیا نیوز) مہران ہائی وے کراچی میں پولیس نے مقابلے کے بعد ایم کیوایم لندن کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر لیا، ایس ایس پی ملیر کے مطابق ملزم پولیس اہلکاروں کے قتل سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث ہے۔

سکھن مہران ہائی وے پر پولیس اور ملزمان میں مقابلے کے بعد متحدہ لندن سے تعلق رکھنے والا ٹارگٹ کلر گرفتار تاہم دوسرا فرار ہو گیا۔ قتل اور پولیس پر حملوں میں ملوث ملزم سابق ایم کیوایم سیکٹر انچارج رئیس ماما کا قریبی ساتھی ہے۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق ملزم سے دستی بم، رائفل گرنیڈ، نائن ایم ایم پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ ملزم روشن نے کورنگی سیکٹر ممبر ابو ہریرہ، وصی عرف کاشف اور میر غوث کے ساتھ مل کر 2014 میں ابراہیم حیدری پولیس کی موبائل پر حملہ کیا ، جس میں چار اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔

ملزم اپنی ہی پارٹی کے دو کارکنان بھی قتل کر چکا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کیخلاف مختلف تھانوں میں پولیس پر فائرنگ، اقدامِ قتل اور ایکسپلو ایکٹ کے تحت چالیس مقدمات درج ہیں۔