کراچی: ڈکیتی کی کوشش میں ناکامی پر فائرنگ، ایک شخص زخمی

Last Updated On 01 February,2019 11:25 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں سٹریٹ کرائم مذاق بن گیا۔ کچھ ملے تو ٹھیک ورنہ گولیاں بھی چلنے لگیں۔ پاپوش نگر میں مسلح ملزمان نے بینک سے رقم نکلوانے والے شہریوں کو لوٹنے کی کوشش کی۔ واردات میں ناکامی کے بعد فائرنگ کر دی جس سے ایک شخص زخمی ہو گیا، علاقے میں خوف پھیل گیا۔

پولیس نہ رینجرز کا خوف، کراچی میں سٹریٹ کرمنلز بس لوٹ مار اور  غنڈہ گردی میں مگن ہیں۔ اسلحہ تھام کر شہر کی سڑکوں پر دنددناتے کرمنلز کو جہاں شکار نظر آ جائے وہیں لوٹ مار یا گولیاں برسا جاتے ہیں۔ واقعہ گزشتہ روز پاپوش نگر میں پیش آیا۔ دو شہری بینک سے رقم نکلوا کر نکلے ہی تھے کہ موٹرسائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان ان کے پیچھے لگ گئے۔ کچھ دیر بعد کرمنلز نے اسلحہ کے زور پر روکا۔ گاڑیوں کے ہجوم سے نکل کر شہری سائیڈ پر آئے اور جان بچانے کیلئے بھاگنے کی کوشش کی۔

لوٹ مار میں ناکامی ہوئی تو ایک ملزم نے بائیک سے اتر کر فائرنگ کر دی۔ جبکہ دوسرے نے موٹرسائیکل پر بیٹھے ہی گولیاں چلائیں۔ واقعے میں ایک شہری زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ شہر میں بڑھتی وارداتوں پر شہری برہم ہیں۔
 

Advertisement