ملتان کی اہم شاہراہوں پر تجاوزات کی بھرمار، شہریوں کی مشکلات میں اضافہ

Published On 16 August,2020 08:58 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کے حوالے سے کسی حد تک جاری آپریشن بھی بند کر دیا ہے جس کی وجہ سے شہر کی اہم شاہراوں پر تجاوزات کی بھرمار سے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے پر شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

تاریخی شہر ملتان کے چوک گھنٹہ گھر، حسین آگاہی بازار، گردیزی مارکیٹ، ممتاز آباد، بوسن روڈ، ڈیرا اڈا اور چوک شہیداں میں تجاوزات کئی گنا بڑھ چکی ہے لیکن عارضی اور مستقل تجاوزات کے عوض دکانداروں سے ماہانہ لاکھوں روپے وصول کرنے والے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے متعلقہ افسران کو اسکی پرواہ نہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل بڑھنے پر شہریوں نے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین ماہ میں کورونا کے باعث تجاوزات کے حوالے سے کوئی آپریشن نہیں کر سکے تاہم موجودہ صورتحال میں تحریری شکایات موصول ہوتے ہی کاروائیوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیں گے۔

عارضی اور مستقل تجاوزات کو قائم کرنے میں قبضہ مافیا کو کسی حد تک سیاسی افراد کی آشیر آباد بھی حاصل ہے جس کی وجہ سے تجاوزات کے خاتمے کیلیے تاحال کوئی جامع حکمت عملی اختیار نہیں کی جاسکی۔
 

Advertisement