پاکستانی فلم ’’پرواز ہے جنون‘‘ کا سعودی عرب میں پریمیئر شو

Last Updated On 06 November,2018 09:35 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) پرواز ہے جنون نے سعودی عرب میں کمرشل سطح پر ریلیز ہونیوالی پہلی پاکستانی فلم ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔


’’پرواز ہے جنون ‘‘ نے سعودی عرب میں کمرشل سطح پر ریلیز ہونیوالی پہلی پاکستانی فلم ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ اس حوالے سے ووکس سینما ریاض پارک مال میں ایک خصوصی پریمیئر شو کا اہتمام کیا گیا جس میں فلم کے مرکزی کرداروں حمزہ علی عباسی اور ہانیہ عامر کے علاوہ ڈاکٹر اوادایس الاود، نوف سعید بن الملکی، خان حشام بن صدیق، فہیم بن حمید الخالد، بدر الزہرانی، محرمہ حبا فواد، زرتاج گل، کنول شازب، جویریہ ظفر، محمد الہاشمی اور دُرید قریشی نے شرکت کی۔

شرکاء نے کہا سعودی عرب میں ہمسفر اور زندگی گلزار ہے سمیت دیگر پاکستانی ڈراموں کو پذیرائی حاصل ہوئی ہے، پرواز ہے جنون کی کمرشل ریلیز ایک تاریخی حیثیت رکھتی ہے کیونکہ اس فلم کے ذریعے ہماری اُبھرتی ہوئی انڈسٹری کو ایک نئی مارکیٹ ملی ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ فلم اگلے ہفتے سے سعودی عرب کے شائقین کیلئے سینما گھروں میں ریلیز کر دی جائیگی۔ مومنہ اینڈ دُرید فلمز کے بینر تلے بننے والی اس فلم کی کہانی فرحت اشتیاق کی تحریر کردہ ہے جبکہ اسکی ہدایتکاری حسیب حسن کی ہے۔