نواز، شہباز شریف جرات مندی سے صورتحال کا سامنا کریں: ریما

Last Updated On 08 January,2019 10:05 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) آئی جی جیل خانہ جات کے دفتر میں سرور فاؤنڈیشن کی جانب سے خاتون قیدیوں کیلئے 100 سلائی مشینوں اور گرم کپڑوں کی تقسیم کی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں اداکارہ ریما خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

ریما خان نے نواز شریف اور شہباز شریف سے جیل میں ملاقات کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ ریما خان نے کہا کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کیا لیکن سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات نہیں ہوئی، اگر مجھے موقع ملا تو نواز شریف اور شہباز شریف سے جیل میں ضرور ملاقات کروں گی، میں جیل میں ہر قیدی سے ملنا چاہتی ہوں۔ انسان خطا کا پتلا ہے انہوں نے جو اچھے کام کیے وہ سب کے سامنے ہیں۔

اداکارہ کی آمد پر جیل اہلکار بھی خاصے خوش دکھائی دیئے اور ریما خان کے ساتھ تصاویر بنوانے کی کوششیں کرتے رہے ۔ٹی وی کے مطابق ریما خان نے کہا سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بھائی شہباز شریف اچھے انسان ہیں، وہ انہیں مشورہ دیں گی کہ جرات مندی سے صورتحال کا سامنا کریں۔

ریما خان نے عمران خان کو سچا انسان قرار دیا اور کہا کہ قوم انہیں کام کرنے کا وقت دے، عمران خان محنت سے ملک کو مشکل حالات سے نکال لیں گے۔ ملکی سیاست میں قدم رکھنے کے حوالے سے ریما خان نے وضاحت دیتے ہوئے کہا میرا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
 

Advertisement