ہالی وڈ اداکاروں کا سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہداء سے اظہار یکجہتی

Last Updated On 19 March,2019 11:03 am

نیویارک: (روزنامہ دنیا) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں سفید فام عیسائی دہشت گرد کی جانب سے نماز جمعہ کے دوران فائرنگ کر کے 50 معصوم مسلمانوں کو شہید کرنے کے واقعہ پر ہالی وڈ فنکاروں نے بھی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دہشت گردی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

امریکی گلوکارہ ہیلسے نے دنیا بھر میں موجود مسلمانوں سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ میں سوچ نہیں سکتی کہ کیسے کوئی انسان عبادت کی جگہ پر ایسا کر سکتا ہے، اسلام فوبیا کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، یہ بہت خوفناک ہے۔

نامور امریکی ماڈل کیلی جینر کا کہنا ہے کہ اس واقعہ نے میرا دل توڑ دیا۔ اداکار جون لیجنڈ کا کہنا ہے کہ سفید فاموں کی برتری کی دہشت گردانہ تحریک تباہ کن ہے۔ لیجنڈ اداکار آرنلڈ شواز نیگر نے کہا میرا دل متاثرین، اہل خانہ اور نیوزی لینڈ کی عوام کے ساتھ ہے، یہ دہشت گردی کی خوفناک اور بدترین کارروائی تھی تاہم میں اور پوری دنیا مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
 

Advertisement