ایسے شخص سے شادی کروں گی جو مجھے مکمل آزادی دے: مہوش حیات

Last Updated On 19 April,2019 11:16 am

لاہور: (ویب ڈیسک) تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ وہ ضرور شادی کریں گی، تاہم ابھی انہوں نے اپنے فن سے شادی کر رکھی ہے۔

مہوش حیات نے جنسی ہراسگی کے معاملے میں اپنی زبان کھولتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں بہت ساری خواتین ایسی بھی ہیں جو جنسی ہراساں کیے جانے کے معاملے میں غلط ہوتی ہیں۔

نجی ٹیلی وژن کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مہوش حیات کا کہنا تھا کہ خواتین کو جنسی ہراساں کیا جانا ہر ملک کی شوبز انڈسٹری کا حصہ ہے۔ وہ اس وقت ایسی پوزیشن میں ہیں کہ اگر وہ جنسی ہراسگی پر بات کریں تو ان کی سنی جائے گی لیکن شوبز کی بہت ساری لڑکیاں ان جیسی پوزیشن میں نہیں ہیں۔

اداکارہ مہوش حیات نے جنسی ہراساں کرنے کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس اہم موضوع پر بات کرنا بہتر قدم ہے، اس سے اس اہم مسئلے کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔

شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں مہوش حیات کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں ضرور شادی کریں گی، تاہم ابھی انہوں نے اپنے فن سے شادی کر رکھی ہے۔

اداکارہ نے شادی کے لیے اپنی پسند کے لڑکے سے متعلق وضاحت کی کہ وہ ایسے شخص سے شادی کرنا چاہیں گی جو انہیں مکمل آزادی دے اور مشکل وقت میں ان کا ساتھ دے۔ ان کے مطابق وہ ایسے لڑکے سے شادی کریں گی جنہیں ان کی خود مختاری سے کوئی مسئلہ نہ ہو۔