عطااللہ عیسیٰ خیلوی سے رشوت لینے پر پٹواری کیخلاف مقدمہ درج

Last Updated On 23 May,2019 10:12 am

سرگودھا: (سٹی رپورٹر ) اینٹی کرپشن سرگودھا نے گلوکارعطا اﷲ خان عیسیٰ خیلوی سے رشوت لینے والے پٹواری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

عطا اﷲ عیسیٰ خیلوی کے بھانجے امان اﷲ خان نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا کو درخواست گزاری کہ میرے ماموں عطا اﷲعیسیٰ خیلوی نے اپنی زوجہ کے لیے عیسی خیل شہر میں شوکت علی خان وغیرہ سے رقبہ خریدا، انتقال نمبر 4515، انتقال نمبر 2514، انتقال نمبر 4516 اور انتقال نمبر 4513 کروانے کے لیے حسین اﷲ پٹواری اشتمال موضع عیسیٰ خیل نے گواہوں کے سامنے 70 ہزار روپے رشوت وصول کی۔

ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا نے انکوائری کروائی اور ریکارڈ قبضہ میں لے لیا، فریقین اور گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے، دوران انکوائری پٹواری حسین اﷲ اپنی بے گناہی ثابت نہ کر سکا جس پر اسکے خلاف رشوت وصول کرنے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔