لاہور: مقامی مارکیٹ میں آتشزدگی سے 20 کے قریب دکانیں جل کر خاکستر

Last Updated On 23 May,2019 09:10 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے ماڈل ٹاون لنک روڈ پر واقع چائینہ سیل سینٹر میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں بیس کے قریب دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں۔ دکاندار جمع پونجی جل جانے پر غم سے نڈھال نظر آئے۔

لاہور کے علاقے ماڈل ٹاون میں واقع چائینہ سیل سینٹر آگ کے شعلوں کی نذر، تیز آندھی اور بارش کے باوجود سینٹر میں لگی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، ریسکیو کی بارہ گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا اور دو گھنٹے کی طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔

آگ سے دکانوں میں موجود لاکھوں کا مال جل کر راکھ ہو گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاجروں نے بروقت اطلاع کے باوجود ریسکیو کے تاخیر سے پہنچنے کی شکایت کی۔ ان کا کہنا تھا اگر ریسکیو بروقت پہنچ جاتی تو بڑے نقصان سے بچا جا سکتا تھا۔

ریسکیو سروس اہلکار کا کہنا تھا آگ کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر موقع پر پہنچے۔