سونم کپور کو کشمیر سے متعلق حقائق سامنے لانے پر بھارتی عوام کی تنقید کا سامنا

Last Updated On 19 August,2019 05:38 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ سونم کپور کو کشمیر سے متعلق حقائق سامنے لانے پر بھارتی عوام کی شدید تنقید کا سامنا ہے یہاں تک کہ انھیں ہندوستان چھوڑ کر پاکستان منتقل ہو جانے کا بھی کہا گیا۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی آئین کی شق 370 کی منسوخی کے بعد حالیہ انٹرویو میں جب ان سے رائے پوچھی گئی تو سونم کا کہنا تھا کہ موجودہ کشیدہ صورتحال کو وہ زیادہ سمجھ نہیں پائیں کیونکہ کشمیر سے متعلق حقائق کے برعکس اتنی خبریں پھیلائی گئی ہیں کہ پتہ ہی نہیں چل رہا کہ سچ کیا ہے۔ اس کے باوجود وہ یہی چاہتی ہیں کہ تمام معاملات امن کے راستے ہی سلجھائے جائیں۔

اس سوال پر کہ انکے والدین نے کشمیر میں ان کا نام کیوں رکھا اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ آدھی سندھی اور آدھی پشاوری ہیں۔ اس بات سے ان کا دل پہلے ہی ٹوٹا ہوا ہے کہ خطے کی سنگین صورتحال اپنے کلچر سے متعلق جاننے میں رکاوٹ بن گئی ہے۔ انٹرویو کے دوران اداکارہ جذباتی انداز میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق یہ بھی کہہ گئیں کہ وہاں کی صورتحال ان کے لئے تکلیف دہ ہے۔

امن پسند سونم کپور کے یہ الفاظ میڈیا پر آنے کی دیر تھی کہ ان پر تنقید کے خوب نشتر چلائے گئے، کسی نے ان پر پاکستان سے روابط رکھنے کا الزام لگایا تو کسی نے انھیں پاکستانی شائقین سے پیار کرنے والی اور صرف پیسے کو اہم جاننے والی اداکارہ کہا۔ ایک بھارتی صارف نے تو انھیں کم علم ہونے کا طعنہ بھی دیا، اس کا کہنا تھا کہ جب کسی چیز کے بارے میں علم نہ ہو تو اس معاملے پر بولنا ہی فضول ہے۔ ایک صارف نے انھیں سیدھا سیدھا پاکستان منتقل ہو جانے کا ہی کہہ دیا۔

اس صورتحال پر سونم کپور نے خود پر تنقید کرنے والوں کو کھری کھری سنا دیں اور کہا کہ بات کو اپنی مرضی کے معانی پہنانا اور پھراس کو منفی انداز میں مزید لوگوں تک پھیلا دینا یہ اس شخص کی غلطی نہیں بلکہ غلط اطلاع پہنچانے والے کی غلطی ہے۔
 

Advertisement