دیپکا اور رنویر کی پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کیساتھ تصاویر وائرل

Last Updated On 21 August,2019 01:03 pm

لندن: (ویب ڈیسک) اداکارہ دیپکا پڈوکون نے اپنے شوہر رنویر سنگھ کے ہمراہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان سے ملاقات کی ہے جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان اور بھارت میں حالیہ عرصے کے دوران زبردست کشیدگی چل رہی ہے تاہم لندن میں موجود بالی وڈ اداکارہ دیپکا پڈوکون، شوہر رنویر سنگھ کے ساتھ پاکستانی نژاد برطانوی عامر خان کو ملنے پہنچ گئیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق بالی ووڈ شخصیات اس وقت لندن میں اپنی آنے والی فلم 83 کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ فراغت کے لمحات میں دونوں میاں بیوی عامر خان سے ملنے گئے جس کی تصاویر باکسر نے انسٹا گرام پر شیئرز کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی ہے۔

عامر خان نے انسٹا گرام پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بھارت سے آئے مہمانوں کے ساتھ ملاقات اچھی رہی، رنویر سنگھ اور دیپکا پڈوکون لندن میں سیر و تفریح کے ساتھ کام میں مصروف ہیں۔

 

باکسر کی طرف سے انسٹا گرام پر دو تصاویر شیئر کی گئیں ایک تصویر میں وہ اداکارہ کے ساتھ کھڑے ہیں، دوسری تصویر میں اداکار رنویر سنگھ باکسر کے ساتھ گرمجوشی سے گلے مل رہے ہیں۔ اس تصویر میں رنویر نے اپنا ہاتھ عامر خان کے کاندھے پر رکھا ہوا ہے۔

ان تصاویر کے شیئر ہونے کے بعد بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی کے شوہر راج کندرا نے لکھا کہ ’’میرے دو بھائی ایک تصویر میں موجود‘‘۔

یاد رہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر بھارت میں باکسنگ کو پروان چڑھانے کے لیے تگ و دو میں مصروف ہیں، بھارت میں ہونے والی پہلی سپر باکسنگ لیگ کے شریک بانی بھی ہیں۔

دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ اپنی حالیہ فلم 83 میں مصروف ہیں، یہ فلم کافی حوالے سے یادگار ہیں، اس فلم میں رنویر سنگھ 1983ء کے ورلڈکپ کے بھارتی کپتان کپل دیو کا کردار ادا کریں گے جبکہ فلم میں دیپکا ان کی اہلیہ کا کردار ادا کریں گی۔ فلم میں دکھایا جائے گا کہ بھارتی ٹیم عالمی ایونٹ کیسے جیتی اور کپل دیو نے کیا کردار ادا کیا۔
 

Advertisement