اداکارہ ارمینا خان نے ٹویٹر پر ناقد کو لا جواب کر دیا

Last Updated On 09 December,2019 06:11 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی مشہور اداکارہ و ماڈل ارمینا خان ڈراموں سمیت فلموں میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے کافی مشہور ہوئی ہیں، وہ فلم انڈسٹری اور ڈراموں کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک ہیں، اپنی ہر پل کی خبریں وہ انسٹا گرام، ٹویٹر اور فیس بک پر اپ لوڈ کرتی رہتی ہیں، وہ خواتین اور بچوں کی حفاظت کے لیے بھی کافی متحرک دکھائی دیتی ہیں۔

ارمینا خان خواتین اور بچوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کیساتھ ساتھ سماج میں صنفی تفریق، جرائم کی روک تھام اور مذہب کو غلط استعمال کرنے کے خلاف بھی صدائیں بلند کرتی رہتی ہیں۔ چند دن قبل ارمینا نے ملک میں کم عمر بچیوں اور خواتین کے بڑھتے ریپ اور جنسی ہراسانی کے واقعات کے بعد ٹوئٹر پر پوسٹ کی، جس میں انہوں نے خواتین کو حفاظت کرنے کے چند طریقے بتائے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ارمینا نے 6 دسمبر کو ٹوئٹ میں متعدد اینیمیٹڈ تصاویر دے کر کم عمر لڑکیوں اور خواتین کو اپنے ساتھ پیش آنے والے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے وقت حفاظت کرنے کے چند طریقے بتائے۔

اداکارہ نے اینیمیٹڈ تصاویر کے ذریعے خواتین کو سمجھایا کہ اگر کوئی مرد انکے ساتھ زبردستی کرنیکی کوشش کرتا ہے تو وہ کس طرح اپنی حفاظت کر سکتی ہیں۔ اداکارہ نے تصاویر کے ذریعے خواتین کو سمجھایا کہ کسی بھی مرد کی جانب سے جسمانی طور پر نامناسب انداز میں چھونے کی کوشش یا ریپ کی کوشش کے دوران وہ آسان سے چند طریقے استعمال کرکے اپنی حفاظت کر سکتی ہیں۔

اداکارہ کی ٹوئٹ پر جہاں کئی لوگوں نے انکی تعریف کی وہیں بعض افراد نے ارمینا کی بات پر برا بھی منایا اور ان کے خلاف سخت اور توہین آمیز زبان استعمال کی۔

اداکارہ نے ایک اور ٹویٹ میں کسی لڑکے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مذکورہ لڑکے نے انہیں جواب دیا ہے کہ 99 فیصد خواتین خود مردوں کو ریپ کی دعوت دیتی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنا ٹویٹ ڈیلیٹ کر دیا ہے اور وہ بھی انکی دنیا میں فٹ نہیں بیٹھتیں۔

اداکارہ کی ٹویٹ پر ایک اور شخص نے جواب دیا اور کہا کہ لڑکے نے درست کہا ہے اور ساتھ ہی کہا کہ لڑکے اتنے بھی چالو نہیں ہوتے۔ اسی شخص نے مزید لکھا کہ وہ لڑکے ہوکر بھی ان چیزوں کے نام نہیں لیتے جس کے نام ارمینا خان لے رہی ہیں ساتھ ہی انہوں نے اداکارہ کے لیے سخت الفاظ لکھے کہ اگر ان کے والد اور بھائی نے کسی کا ریپ نہیں کیا ہوگا تو ان کا بھی ریپ نہیں ہوگا۔

ارمینا اس کے جواب میں لکھا کہ تین سالہ جنت اور 6 سالہ زینب کے والدین اور بھائیوں نے ریپ کیے تھے؟ اداکارہ کے جواب پر مذکورہ شخص نے ارمینا خان کو مشورہ دیا کہ وہ جاکر پہلے اپنے والد اور بھائی کو لیکچر دیں۔

جس پر اداکارہ نے انہیں جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے والد اور بھائی کو اس معاملے میں لانے کی ضرورت نہیں، وہ ہی ان جیسے چوزوں کے لیے کافی ہیں۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ وہ باکسر ہیں اور وہ انہیں ایسی پھینٹی لگائیں گی کہ انہیں ان کا دادا یاد آجائے گا۔

ارمینہ خان نے مذکورہ شخص پر واضح کرتے ہوئے لکھا کہ وہ انہیں دھمکی دے کر ڈرانے کی کوشش نہ کریں اور ساتھ ہی انہوں نے پنجابی و اردو زبان کا ملا جلا جملہ لکھا کہ ایڈا تو ٹوئٹر کا رکھوالا۔

اسی طرح ارمینہ خان کی خواتین کو اپنی حفاظت کی ترغیب دینے والی پوسٹ پر کئی دیگر افراد نے بھی کمنٹس کیے اور زیادہ تر افراد نے اداکارہ کی کاوش کو سراہا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ ایسی فضول زبان استعمال کرنے والے افراد کی باتیں دل پر نہ لیں۔
 

Advertisement