مسلم یونیورسٹی کے طلبہ پر وحشیانہ تشدد، بالی ووڈ کے اداکاروں کا ضمیر جاگ اُٹھا

Last Updated On 16 December,2019 05:51 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) جامعہ اسلامیہ یونیورسٹی اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ پر وحشیانہ تشدد کے بعد بالی ووڈ کے چند اداکاروں کا ضمیر جاگ اُٹھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں جاری بربریت اور بابری مسجد فیصلہ پر مجرمانہ خاموشی اختیار کئے بالی وڈ آخر بول اٹھا۔

اداکار انوراگ کشیاپ کا کہنا ہے کہ اب تمام حدیں پار ہوچکی ہیں، میں مزید خاموش نہیں رہ سکتا، ثابت ہوگیا کہ یہ حکومت مکمل فاشسٹ ہے، جب باضمیر آوازوں کو خاموش دیکھتا ہوں تو مجھے دکھ ہوتا ہے۔

دوسری طرف ایک اور اداکارہ النکریتا شریواستا کا کہنا ہے کہ میں جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی میں پڑھ چکی ہوں، یہاں پر میں نے اپنے آپ کو فلم میکرز کے طور پر ٹرینڈ کیا، یہاں پر میری زندگی کے بہترین دوست ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ جگہ ہے جہاں میری اس وقت امید جگائی گئی جب میں زندگی میں بہت زیادہ کنفیوزڈ تھی، آج یونیورسٹی کے حالات دیکھ کر میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں جو اس واقعہ میں زخمی ہوئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ کرتے ہوئے اداکارہ النکریتا شریواستا نے ایک شعر تحریر کیا۔ یہ شعر مندرجہ ذیل ہے۔

سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے
دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے

ایک اور اداکارہ سیانی گپتا کا کہنا تھا کہ علی گڑھ یونیورسٹی کے طلبہ سے کہا کہ آپ میں سے کوئی ایک بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ایک ٹویٹ اور مسیج کرے اور انہیں کہے کہ اس معاملے پر مذمت کریں۔

بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر کا کہنا تھا کہ میرے لیے بہت افسوسناک لمحہ ہے جب میں دیکھ رہی ہوں کہ نئی دہلی میں جامعہ اسلامی یونیورسٹی میں طلبہ پر آنسو گیس استعمال کیا جا رہا ہے، سمجھ نہیں آتا طلبہ کو جانوروں کی طرح کیوں برتاؤ کیا جا رہا ہے۔

اداکارہ تاپسی پنوں کا کہنا تھا کہ پریشان ہوں کہ جامعہ اسلامی یونیورسٹی والے واقعے کا یہ آغاز ہے یا اختتام، ظلم والی ویڈیو دیکھ کر میرا دل ٹوٹ گیا۔

اداکارہ رچا چڈا کا کہنا تھا کہ ملک بھر کی جامعات میں احتجاج ہو رہا ہے، جواہر لعل نہرو یونیورسٹی، علی گڑھ یونیورسٹی، جامعہ اسلامی یونیورسٹی سمیت دیگر یونیورسٹی میں طلبہ احتجاج کر رہے ہیں کیا آپ اس احتجاج سے ڈر گئے ہیں۔

ہدایت کار مہیش بھٹ بھی واقعہ پر خاموش نہ رہ سکے اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرٹویٹ کرتے ہوئے طلبہ پر ظلم کے خلاف صدائیں بلند کیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق بالی وڈ کے مسلمان اداکاروں کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف بھارت میں مہم چل پڑی۔

مسلم شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مسلمان اداکار شاہ رخ خان، سلمان خان، عامر خان کم از کم مذمت کا ایک لفظ ہی بو ل دیں۔