بیٹے کا نام غلط لکھنے پر بھارتی میڈیا نے عاطف اسلم سے معافی مانگ لی

Last Updated On 24 December,2019 07:03 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) یوں تو پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتی سطح سمیت ہر سطح پر کشیدگی پائی جاتی ہے، بھارت میں موجود انتہا پسند جماعتیں پاکستان کے گلوکار، کرکٹ سمیت دیگر طبقہ ہائے لوگوں کو وہاں پر دیکھنا نہیں چاہتی تاہم پاکستان کے بہت سارے سٹارز کے ہندوستان میں گن گائے جاتے ہیں، اسی طرح کا ایک نام عاطف اسلم ہیں، جن کے ہاں چند روز قبل دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی تھی جس کی اطلاع انہوں نے انسٹا گرام پر ایک پیغام کے ذریعے دی تھی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں مقبول گلوکار عاطف اسلم کے ہاں دو دن قبل ہی دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی تھی ۔ انسٹا گرام پر اطلاع دیتے ہوئے انہوں نے اپنے نوزائیدہ بیٹے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے خدا کا شکریہ ادا کیا تھا۔

سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ انسٹا گرام پر گلوکار و اداکار نے پوسٹ میں ’الحمد للہ‘ یعنی خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ہمارے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے اور یہ کہ ماں اور بچہ دونوں صحت مند ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گلوکار عاطف اسلم دوسری مرتبہ والد بن گئے

عاطف اسلم کی پوسٹ پر کئی مداحوں نے انہیں مبارک باد دی تھی، انہیں مبارک باد دینے والے مداحوں میں بھارتی مداح بھی شامل تھے جبکہ دوسرے بچے کی پیدائش کی خبر بھارتی میڈیا میں بھی شائع کی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عاطف اسلم کے ہاں ننھے مہمان کی آمد کی خبر دیتے ہوئے بھارت کی مقامی ویب سائٹ نے خبر میں غلطی کی تھی اور گلوکار کی جانب سے ’الحمد للہ‘ کے الفاظ لکھے جانے کو ویب سائٹ نے بچے کا نام سمجھ لیا تھا۔

’دیسی مراٹنی‘ نامی ویب سائٹ نے خبر کی ہیڈ لائن میں ہی لکھا تھا کہ عاطف اسلم کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی ہے اور انہوں نے دوسرے بچے کا نام الحمد للہ رکھا ہے۔ ویب سائٹ کی جانب سے عاطف اسلم کی پوسٹ کو سمجھ نہ پانے اور بڑی غلطی کرنے پر بھارتی صارفین نے ہی ویب سائٹ کی غلطی کی نشاندہی کی۔

سوشل میڈیا پر لوگوں نے ویب سائٹ کو مخاطب ہوتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے عاطف اسلم کی پوسٹ کو سمجھنے میں غلطی کی ہے، انہوں نے بیٹے کے نام ’الحمد للہ‘ نہیں بتایا کہ بلکہ انہوں نے یہ لفظ ’خدا کا شکر‘ ادا کرنے پر لکھا ہے۔ لوگوں کی جانب سے نشاندہی کیے جانے کے بعد ویب سائٹ نے اپنی غلطی کو تسلیم کیا اور ٹوئٹ کے ذریعے معافی مانگی۔

ویب سائٹ کی جانب سے کی گئی ٹویٹ میں کہا گیا کہ عاطف اسلم کے بیٹے کے نام والی خبر کی غلطی درست کردی گئی ہے جب کہ وہ اس غلطی میں دل سے معذرت خواہ ہیں اور آئندہ سے بہتر طریقے سے کام کریں گے۔

یاد رہے کہ ’دل دیا گلاں‘ گلوکار نے 2013 میں سارہ بھروانا سے شادی کی تھی اور ان کے ہاں شادی کے اگلے ہی سال 2014 میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔ جوڑے کے ہاں پہلا بیٹا ’احد‘ ہوا تھا جو اس وقت 5 سال کا ہو چکا ہے۔