چور برطانوی ماڈل کے گھر سے 10 ارب 33 کروڑ کے زیورات لوٹ کر لے گئے

Last Updated On 16 December,2019 11:04 pm

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کی مشہور ماڈل تمارا اکیلسٹون کے اربوں روپے کے زیورات چوری کر لیے گئے جن کی مالیت 50 ملین پاؤنڈز (دس ارب 33 کروڑ سے زائد) بنتی ہے۔ یہ واردات محض 50 منٹ کے اندر کی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے معروف فارمولا ون گروپ کے سابقہ چیف ایگزیکٹو برنی اکیلسٹون کی صاحبزادی و مقبول ماڈل تمارا اکیلسٹون کو اُس وقت بڑے دھچکا لگ گیا جب اُنکی غیر موجودگی میں چور 10 ارب 33 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے زیورات چرا کر رفوچکر ہو گئے۔ ڈاکوؤں کی تعداد کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ تعداد تین تھی۔ 

ماڈل کے ترجمان نے چوری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نامعلوم شخص کی جانب سے تمارا اکیلسٹون کے گھر پر چوری کی گئی جس کے نتیجے میں وہاں موجود 10 ارب 33 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی انگوٹھی، بالیاں اور بریسلیٹ چرا لیے گئے۔

اس کارروائی کے بعد سے تمارا فیملی غصے کی کیفیت میں ہے تاہم اس ضمن میں نجی سیکیورٹی پولیس سے تعاون کر رہی ہے۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ہمیں چوری سے متعلق مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے مطلع کیا گیا تاحال تفتیش جاری ہے لیکن اب تک کسی قسم کی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

تمارا اکیلسٹون کے چوری شدہ زیوارات اُن کے والد نے انہیں شادی کے موقع پر بطور تحفہ دیئے تھے، یہ چوری کی واردات محض 50 منٹ میں ہوئی اور اس دوران کی گئی کہ جب تمارا اکیلسٹون کرسمس کی چھٹیاں منانے کے لیے ملک سے باہر ہیں۔

معروف جریدے کے مطابق کین سنگٹن ہوم مہنگی ترین جگہ سمجھی جاتی ہے جہاں تمارا نے 55 کمروں پر مشتمل گھر 9 ارب روپے میں خریدا تھا۔ اس جگہ کو دنیا بھر کی امیر شخصیات کا مسکن کہا جاتا ہے جہاں برطانوی شہزادے پرنس ہیری کی فیملی بھی رہا کرتی ہے جب کہ دنیا کی مشہور ترین کمپنیز کے روح رواں بھی وہیں رہائش پذیر ہیں۔