سلام پاکستان! جومانجی 13 دسمبر کو ریلیز ہو رہی ہے: نک جونز

Last Updated On 10 December,2019 07:12 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ہالی ووڈ کے مشہور گلوکار نک جونز نے اپنی نئی آنے والی فلم کے حوالے سے پاکستانیوں کیلئے خصوصی پیغام دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق ہالی ووڈ کے نامور گلوکار واداکار اور پریانکا چوپڑا کے شوہر نک جونز نے نہایت منفرد انداز میں پاکستانیوں کے لیے پیغام بھیجا ہے۔ فلم ’جومانجی؛ دی نیکسٹ لیول‘ 13 دسمبر کو پاکستان میں ریلیز کی جائے گی۔

فلم میں اہم کردار ادا کرنے والے ہالی ووڈ اداکار نک جونز نے پاکستان میں فلم کی تشہیر کیلئے نہایت منفرد طریقہ اپنایا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر دیکھا جا سکتا ہے کہ جس میں گلوکار ایک ویڈیو پیغام میں تمام پاکستانیوں کا مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سلام پاکستان فلم جومانجی پاکستان میں 13 دسمبر کو ریلیز کی جا رہی ہے۔

نک جونز کا پیغام ایچ کے انٹرٹینمنٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا۔ ایچ کے انٹرٹینمنٹ کے تعاون سے ہی یہ فلم پاکستان میں ریلیز کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ ایڈونچرز سے بھرپور فلم جومانجی؛ نیکسٹ لیول 1995 میں ریلیز ہوئی سپر ہٹ فلم جومانجی اور 2017ء میں ریلیز ہوئے فلم کے سیکوئل جومانجی؛ ویلکم ٹو دی جنگل کا تیسراحصہ ہے۔

فلم میں ہالی ووڈ اداکار ڈوائن جانسن، کیون ہارٹ، جیک بلیک، کیرن گلان، نک جونز، الیکس وولف اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ شائقین کو اس فلم کا بے چینی سے انتظار ہے۔
 

Advertisement