گولڈن گلوب ایوارڈ تقریب، 1917 کو بہترین فلم قرار دیدیا گیا

Last Updated On 06 January,2020 05:30 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں ہالی ووڈ فلموں کے شوقین افراد ہر نت نئی فلم کی آمد کے منتظر رہتے ہیں، اسی طرح ایوارڈ کی تقریبات کی آمد کا جنون شائقین میں موجود رہتا ہے، اب ایک خبر گولڈن گلوب کے حوالے سے آئی ہے جہاں پر گولڈن گلوب ایوارڈز میں 1917 کو بہترین فلم قرار دے دیا گیا جبکہ ونس اپون آ ٹائم تین ایوارڈ جیتنےمیں کامیاب ہو گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیورلی ہلز میں 77ویں گولڈن گلوب ایوارڈز کی رنگارنگ تقریب ہوئی، ہالی وڈ ستاروں نے ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیرے۔ بہترین فلم اور ہدایتکار کا ایوارڈ جنگی مناظر پربنی ایکشن مووی 1917 کے حصے آیا۔ گولڈن گلوب ایوارڈز میں 1917 کو بہترین ڈرامہ فلم اور اس کے ڈاریکٹر سام مینڈیز کو بہترین ہدایتکار کے اعزاز سے نوازا گیا۔ فلم کی عوامی نمائش دس جنوری سے متوقع ہے۔

فلم پہلی جنگ عظیم کے دوران فرانس میں تعینات دو نوجوان برطانوی فوجیوں کی کہانی ہے جنہیں جرمن فوج کے مدمقابل پیغام رسانی کے خطرناک مشن پر روانہ کیا جاتا ہے۔ فلم کی کہانی ہدایتکار سام مینڈیز کے دادا کے تجربات اور یاداشتوں سے ماخوذ ہے۔

سینما ٹوگرافر راجر ڈیکنس نے فلم کی عکس بندی لمبے لمبے شاٹ لے کر اس طرح کی کہ دیکھنے والوں کو فلم مسلسل شاٹ میں فلمائے جانے کا گمان ہوتا ہے۔

فلم کے عکس بندی پچھلے سال شروع ہوئی اور دسمبر میں مخصوص مقامات پر ریلیز کیا گیا۔ امریکا اور برطانیہ کے سینیما گھروں میں فلم کی عوامی نمائش دس جنوری سے متوقع ہے۔

ایوارڈز کی تقریب میں بہترین غیرملکی فلم کا ایوارڈ جنوبی کوریا کی فلم  پیراسائیٹ  کو دیا گیا۔ مزاحیہ فلم غریب گھرانے کے ایسے افراد پر مبنی ہے جو امیر فیملی میں ملازمت کی خاطر خود کو بہت باصلاحیت بنا کر پیش کرتے ہیں۔

ڈارک کامیڈی کی کہانی ہدایتکار بونگ جون ہو نے پہلے خود لکھی اور بعد میں اسے اسکرین پلے میں ڈھالا۔ یہ فلم پچھلے سال مئی میں فرانس کے کن فلم فیسٹیول میں پیش کی گئی تھی جہاں اسے زبردست پذیرائی ملی۔

گولڈن گلوب ایوارڈز امریکا میں ہالی ووڈ فارن پریس ایسوسی ایشن کی طرف سے دیے جاتے ہیں۔ ان ایوارڈز کی تقریب ہر سال اکیڈمی ایوارڈز کے اعلان سے کچھ ہفتے منعقد کی جاتی ہے۔

ونس اپون آ ٹائم میوزیکل، اسکرین پلے اور معاون اداکارکا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہی۔ جوکر کے جوکئین فونیکس بہترین اداکار قرار پائے جبکہ رینی زیلویگر نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتا۔ مسنگ لنک بہترین اینی میٹڈ فلم کا گولڈن گلوب ایوارڈ جیت گئی۔

خیال ہے کہ امریکا کی اربوں ڈالر کی فلمی صنعت میں گولڈن گلوب ایوارڈز ہالی ووڈ کے سب سے معتبر سمجھے جانے والے آسکرز ایوارڈز میں کامیابی کا عندیہ دیتے ہیں۔ امریکی شہر لاس اینجلس میں اس سال آسکرز کی تقریب نو فروری کو منعقد ہوگی۔
 

Advertisement