حلیمہ سلطان نے پاکستان کو خوبصورت ملک قرار دیدیا

Last Updated On 30 May,2020 08:40 am

لاہور: (ویب ڈیسک) ترک ڈرامہ سیریل، جسے پاکستان میں بھی نشر کیا جا رہا ہے، ’ارطغرل غازی‘ میں ہیروئن کا کردار ادا کرنے والی حلیمہ سلطان نے پاکستان کو خوبصورت ملک قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق شہرہ آفاق ترک ڈرامے ارطغرل غازی کی مقبولیت پاکستان میں مسلسل بڑھ رہی ہے اور اس میں کام کرنے والے اداکاروں کے پاکستانی مداحوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈرامے میں ارطغرل غازی کا کردار 41 سالہ انجین التان دوزیتان نے نبھایا ہے جب کہ ان کی بیوی حلیمہ سلطان کا کردار 28 سالہ اسرا بیلگیج نے ادا کیا ہے۔

دونوں اداکاروں اور خاص طور پر حلیمہ سلطان کی پاکستان میں بے پناہ مقبولیت ہے اور لوگوں نے سوشل میڈیا پر فالو کرنے سمیت ان سے محبت کا اظہار کرنا بھی شروع کیا اور بتایا کہ کس طرح پاکستانی مداح انہیں چاہنے لگے ہیں۔ ڈرامہ مداحوں کی جانب سے تین ہفتوں میں حلیمہ سلطان یعنی اسرا بیلگیج کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ان کی تعریف میں کمنٹس کیے گئے ہیں اور لوگ ان سے ملنے اور انہیں پاکستان آنے کی دعوت دیتے دکھائی دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈرامہ ’ارطغرل غازی‘ کی ہیروئن حلیمہ سلطان کون ہیں؟

ارطغرل غازی میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ اسراء بلجیک اس سے قبل بھی پاکستان سے متعلق اچھے جذبات اور خیالات کا اظہار کر چکی ہیں۔

 

سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ ’انسٹا گرام‘ پر حلیمہ سلطان نے ویڈیو شیئر کی، اس ویڈیو مسیج کا مقصد کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن ورکرز کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: تاریخی ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کی ’حلیمہ سلطان‘ پاکستان آنے کی خواہشمند

اداکارہ اسراء بلجیک، جو حلیمہ سلطان کے نام سے ڈرامے میں کام کر رہی ہیں، کا کہنا تھا کہ ترکی اور پاکستان میں رہنے والے میرے دوستوں اور فینز کے لیے ایک خوبصورت ملک کی طرف سے خوبصورت پیغام۔

 حلیمہ سلطان نے انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں لکھا کہ آئیے ہم ان سب فرنٹ لائن کارکنوں کے ساتھ اشتراک کریں جن کو ہم جانتے ہیں اور اس ویڈیو پیغام کو شیئر کریں۔

اپنے پیغام میں انہوں نے مزید لکھا کہ مجھے امید ہے کہ پاکستان کا جلد دورہ کروں گی۔

انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں انہوں نے گورنمنٹ آف پاکستان کا ’ہیش ٹیگ‘ بھی لکھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے طیارہ حادثہ، ارطغرل غازی، حلیمہ سلطان سمیت غیر ملکی فنکاروں کا اظہار افسوس

ترک اداکارہ کی طرف سے خوبصورت پیغام شیئر کیے جانے کے بعد پاکستانی مداحوں نے انہیں خوب داد دی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی تاریخی کرداروں پر مبنی ترک ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کی ’حلیمہ سلطان‘ نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

اداکارہ اسراء بلجیک (حلیمہ سلطان) نے اس خواہش کا اظہار سماجی رابطوں کی مشہور ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے ایک پاکستانی مداح کی تعریف کے جواب میں کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ارطغرل غازی دیکھنے کا شکریہ، سلیمان شاہ نے پاکستانی جھنڈا شیئر کر دیا

پاکستانی مداح نے اسراء بلجیک کو پاکستان میں ’ارطغرل غازی‘ کی بے پناہ مقبولیت بارے بتایا اور کہا کہ ملک بھر میں اس تاریخی ڈرامے کو بہت شوق سے دیکھا جا رہا ہے۔ جبکہ اس نے مقبولیت کے تمام ریکارڈز توڑ دیے ہیں۔

اسراء بلجیک نے اس محبت پیغام پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستانیوں کی محبت کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں، میں دورہ پاکستان اور آپ لوگوں سے ملاقات کیلئے بہت پُرجوش ہوں، اپنا بے حد خیال رکھیے۔

یہ بھی پڑھیں: عظیم مسلمان ہیرو ارطغرل غازی کون تھے؟

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش پر پاکستان میں اردو ڈبنگ کے ساتھ نشر ہونے والے تاریخ پر مبنی ترک ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ نے پاکستانی مداحوں کو اپنا گرویدہ بنایا ہوا ہے۔

ڈرامے کو ترکی کا ’گیم آف تھرونز‘ بھی کہا جاتا ہے اور اس ڈرامے کو 13ویں صدی میں اسلامی فتوحات کے حوالے سے انتہائی اہمیت حاصل ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔ ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’’ارطغرل غازی‘‘ کی مقبولیت، پاکستان نے ترکی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

یہ ڈرامہ پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیے جانے سے قبل ہی دنیا کے 60 ممالک میں مختلف زبانوں میں نشر کیا جا چکا ہے۔ یہ ڈراما پانچ سیزن اور مجموعی طور پر 179 قسطوں پر مبنی ہے، اس ڈرامے کو ابتدائی طور پر 2014 میں ٹی آر ٹی پر نشر کیا گیا تھا اور اب یہ ڈراما ’نیٹ فلیکس‘ سمیت دیگر آن لائن سٹریمنگ چینلز پر موجود ہے۔
 

Advertisement