مقبوضہ کشمیر میں ’ارطغرل‘ کی پیدائش

Last Updated On 04 June,2020 06:13 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں ایک بچے کی پیدائش ہوئی ہے جس کے بعد والدین نے ترک ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کے مرکزی کردار سے متاثر ہو کر بیٹے کا نام ‘ارطغرل‘ رکھ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترکی کا مشہور ڈرامہ ’ارطغرل غازی‘ جو جنوی ایشیا میں تیزی سے اپنے پنجے گاڑھ رہا ہے، اس کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، صرف پاکستان میں اُردو زبان میں ڈبنگ کے بعد کروڑوں لوگ اس ڈرامے کو دیکھ چکے ہیں۔

اسلامی فتوحات پر مبنی تُرک سیریز ارطغرل غازی میں 13ویں صدی میں سلطنت عثمانیہ کے قیام سے پہلے کا دور دِکھایا گیا ہے۔ اِس سیریز کا مرکزی کردار ایک بہادر جنگجو ’ارطغرل‘ ہے جس نے ایمان کی طاقت، اللّہ پر یقین اور اپنی بہادری سے منگولوں، صلیبیوں جیسے دشمنوں کو شکست دی۔

یہ بھی پڑھیں: عظیم مسلمان ہیرو ارطغرل غازی کون تھے؟

ٹوئٹر پر طاہر نامی صارف نے اپنے بچے کی پیدائش کے بعد بننے والے ہسپتال کارڈ کی تصویر شیئر کی جس میں بتایا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں مقیم والدین نے اپنے بیٹے کا نام ارطغرل غازی کے مرکزی کردار سے متاثر ہو کر ’ارطغرل‘ رکھا ہے۔

صارف نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ مقبوضہ کشمیر میں پہلا واقعہ ہے کہ نومولود کا نام ترک سیریز مرکزی کردار ’اطغرل‘ رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے ماہر امراض اطفال کا کہنا ہے کہ بچے کے والدین بڑے ہی شوق سے ’ارطغرل غازی‘ دیکھتے تھے اور یہی وجہ ہے کہ اُنھوں نے اپنے بیٹے کا نام بھی ’ارطغرل‘ رکھا ہے۔

ماہر اطفال اور صدر ڈاکٹرز ایسوسی ایشن مقبوضہ کشمیر ڈاکٹر سہیل نائک نے بتایا کہ اُنہوں نے دیکھا تھا کہ موسم سرما کے دوران مقبوضہ کشمیر میں جانوروں کی کھال سے تیار کردہ ایک خاص ٹوپی خرید و فرخت کی جارہی تھی۔

ڈاکٹر سہیل نائک نے بتایا کہ اُنہیں لگا کہ یہ شاید کوئی فیشن ہے لیکن جب اُنہوں نے خود ترک سیریز ’ ارطغرل‘ دیکھنا شروع کی تو اُنہیں معلوم ہوا کہ یہ ٹوپیاں تو ارطغرل اور اُس کے سپاہی پہنا کرتے تھے۔
 

Advertisement