2020ء میں فیشن کی چکا چوند بھی ماند، ریمپ بے رونق، سجنا سنورنا مفقود رہا

Published On 31 December,2020 09:03 am

لاہور: (دنیا نیوز) سال دو ہزار بیس میں فیشن کی چکا چوند روشنیاں بھی ماند رہیں، ریمپ پر حسیناؤں نے جلوے بکھیرے نہ ہی سجنے سنورنے کی ادائیں نظر آئیں۔ فیشن کے دلدادہ نمائشوں کے منتظر ہی رہے۔

کورونا کے اثرات سال 2020 میں فیشن کی دنیا پر بھی چھائے رہے، سب چھوٹے، بڑے فیشن شوز اور فوٹوشوٹس منعقد نہ ہو سکے۔ نت نئے ملبوسات کی تیاری اور خرید و فروخت بھی شدید متاثر رہی۔ ڈیزائنرز کا کہنا ہے کہ سال بھر فیشن کی دنیا میں ویرانی کا عالم رہا لیکن پرامید ہیں کہ نیا سال انڈسٹری کی ترقی اور گہما گہمی کا سال ثابت ہوگا۔ 2020 میں برائیڈل سیزن بھی خاموشی سے گزر گیا۔

فیشن کے دلدادہ افراد رنگوں و روشنیوں کے ماند پڑ جانے پر اداس تو ہیں لیکن آئندہ سال رونقیں لوٹ آنے کے لیے پرامید ہیں۔ مالی مشکلات کے شکار فیشن انڈسٹری سے وابستہ ملازمین پرعزم ہیں کہ جلد صورت حال بدلے گی اور فیشن کے افق پر روشن ستارے پھر سے جگمکائیں گے۔
 

Advertisement