کراچی اور ملتان سمیت کئی شہروں میں موبائل فون سروس بحال

Published On 15 Nov 2013 08:22 PM 

لاہور: (دنیا نیوز) عاشورہ محرم کے جلوسوں کے اختتام کے بعد مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بحال کر دی گئی۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کہتے ہیں تکلیف کیلئے عوام سے معذرت خواہ ہیں، کوشش ہوگی کہ آئندہ برس ایسا نہ ہوا۔

نو اور دس محرم کو سیکورٹی خدشات کے پیش نظر لاہور سمیت 80 سے زائد شہروں میں موبائل فون سروس معطل کی گئی۔ نو محرم کی رات کچھ شہروں میں سروس بحال ہوئی لیکن یوم عاشور کی صبح چھ بجے دوبارہ بند کر دی گئی۔ دس محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کے منازل پر پہنچنے کے بعد سگنل بحال ہو گئے۔ کراچی، ملتان، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد اور ساہیوال میں سروس مکمل طور پر بحال کر دی گئی۔ بہاولپور، احمد پور شرقیہ، یزمان اور حاصل پور میں بھی سگنل آ گئے۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے تکلیف کیلئے عوام سے معذرت کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے آئندہ برس عوام کو ایسی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ گلگت میں بھی سروس بحال ہو گئی تاہم لاہور اور راولپنڈی میں موبائل فون ابھی تک خاموش ہیں۔